*جی اے ایم سی، تریبھون یونیورسٹی کے ہونہار طالب علم برادر اصغر مفتی محمد حبیب القادری صمدی کو گریجویشن اسکالرشپ سے نوازا گیا*
✍️ محمد شفیق رضا ثقافی
جی۔اے۔ایم۔سی، تریبھون یونیورسٹی، کاٹھمانڈو (نیپال) کے ہونہار، محنتی اور سنجیدہ مزاج طالب علم مفتی محمد حبیب القادری صمدی کو ان کی عمدہ تعلیمی کارکردگی، محنت و لگن اور علمی سرگرمیوں کی بنیاد پر کالج انتظامیہ کی جانب سے گریجویشن اسکالرشپ سے نوازا گیا۔
عربی کا ایک مشہور مقولہ ہے " من جد وجد "جس نے کوشش کی، اس نے پا لیا۔ حال ہی میں اسکالرشپ کے لیے ایک خصوصی انٹرویو منعقد کیا گیا تھا، جس میں مفتی صاحب نے نہایت اعتماد، سنجیدگی اور علمی انداز میں سوالات کے تشفی بخش جوابات دیے، جس سے نہ صرف ان کا اسکالرشپ کے لیے انتخاب ہوا بلکہ اساتذۂ کرام نے بھی خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔ مفتی محمد حبیب القادری صمدی بنیادی طور پر نیپال سے تعلق رکھتے ہیں۔بچپن ہی سے نہایت خوش اخلاق، خوش مزاج ساتھ ہی ذہین اور محنتی بھی ہیں،اللہ تعالی نے مفتی صاحب کو اچھا حافظہ بھی عطاء فرمایا ہے، انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے وطن ہی سے حاصل کی، بعد ازاں اعلیٰ دینی تعلیم
کے حصول کے لیے ہندوستان کا رخ کیا اور مختلف علمی اداروں سے استفادہ کیا۔ آپ نے عالمیت و فضیلت کی سند جامعہ صمدیہ دارالخیر، پھپھوند شریف، ضلع اوریا، اتر پردیش (انڈیا) سے حاصل کی، جبکہ تخصص فی الفقہ جامعہ عبد اللہ بن مسعود، کولکاتا (انڈیا) سے مکمل کیا۔ مزید علمی تشنگی بجھانے کے لیے جامعہ ازہر، مصر کا بھی سفر کیا۔ فی الحال آپ جی۔اے۔ایم۔سی، تریبھون یونیورسٹی، کاٹھمانڈو سے بی۔ایڈ کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔مفتی صاحب تعلیم کے ساتھ ساتھ مضمون نگاری اور علمی و فکری سرگرمیوں
میں بھیدلچسپی رکھتے ہیں۔ ان کے مضامین مختلف اخبارات، رسائل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شائع ہوتے رہتے ہیں، جن سے نہ صرف ان کے علم و فکر میں نکھار پیدا ہوتا ہے بلکہ کالج، اساتذہ، والدین اور احباب کا نام بھی روشن ہوتا ہے۔ مزید برآں، آپ مطالعہ کے بہت شوقین ہیں؛ کبھی کالج کی لائبریری میں علمی مصروفیات میں نظر آتے ہیں تو کبھی کالج اسٹوڈیو میں تخلیقی سرگرمیوں میں حصہ لیتے دکھائی دیتے ہیں۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً اپنے جونئیر ساتھیوں کی تعلیمی رہنمائی بھی کرتے ہیں تاکہ علم کا فروغ ہو اورطلبہ میں آگے بڑھنے کا جذبہ بیدار ہو۔ خلاصۂ کلام یہ ہے کہ مفتی صاحب آج کے طلبہ کے لئے رول ماڈل ہیں، مفتی صاحب کی تعلیمی جدوجہد دیگر طلبہ کے لیے ایک بہترین مثال ہے کہ دینی و عصری علوم کو ساتھ لے
کر چلنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ موجودہ دور کے علمی و فکری چیلنجوں کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
اللہ رب العزت مفتی محمد حبیب القادری صمدی سلمہ کو مزید کامیابیاں، عزتیں اور ترقیات عطا فرمائے، اور انہیں ہر قسم کی نظرِ بد سے محفوظ رکھے۔ آمین یا رب العالمین۔
اہلِ علاقہ، اساتذۂ کرام اور احباب نے اس کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
نیپال اردو ٹائمز کی پوری ٹیم کی جانب سے بھی مفتی محمد حبیب القادری صمدی کو اس نمایاں کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی جاتی ہے۔
ہم ان کے روشن مستقبل، مزید علمی ترقی اور کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں
۔خیر اندیش:محمد شفیق رضا ثقافی
(حال مقیم: دوحہ، قطر)
