علماء فاؤنڈیشن ضلع کپلوستو کے ضلعی دفترکاقیام
کپلوستو
پریس ریلیز
نیپال اردو ٹائمز
الحمدللہ ثم الحمدللہ! ربِّ کریم کے فضلِ عظیم اور اولیائے کرام کی عنایتِ خصوصی سے علماء فاؤنڈیشن ضلع کپلوستو نیپال ایک نئے اور مبارک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ حال ہی میں منعقد ہونے والے ضلعی ادھویشن کے بعد صدرِ اعلیٰ حضرت مولانا صدام حسین امدادی صاحب اور دیگر تمام ذمہ داران و اراکین کی یہ مشترکہ خواہش تھی کہ ضلع بھر کے دینی، علمی اور سماجی امور کی مؤثر نگرانی کے لیے ایک باوقار ضلعی دفتر قائم کیا جائے، جہاں تنظیمی سرگرمیاں منظم انداز میں انجام پائیں اور کارکنان کی ضروریات پوری ہو سکیں۔ یہ ایک ایسی ضرورت تھی جسے نہ صرف محسوس کیا گیا بلکہ اس کے عملی قیام کے لیے فوراً جدوجہد بھی شروع کر دی گئی۔
اراکینِ تنظیم نے جس اخلاص و محبت کے ساتھ اس مقصد کو اپنا مشن بنایا ہے، وہ یقیناً لائقِ تحسین ہے۔ سامان کی فراہمی جاری ہے اور ہر رکن اپنے اپنے دائرے میں اس کارِ خیر کے لیے کوشاں ہے۔ ان ہی حسین لمحات میں ایک نہایت مسرّت انگیز خبر یہ ہے کہ جنابِ اکرم پٹھان صاحب نے علماء فاؤنڈیشن کے دفتر کے لیے بڑی تعداد میں علمی و دینی کتابیں وقف کرنے کا وعدہ فرمایا ہے۔
یہ جذبۂ خیر نہ صرف ان کی دین دوستی کی دلیل ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے علم کا سرمایہ بھی ثابت ہوگا۔ اب آگے دیکھیے اس فاونڈیشن پر اپنے وقت کو قربان کرنے والی ذات اور ہر آنے والے لمحے میں اوج ثریا پر لے جانے کی خواہش رکھنے والی ذات حضرت حافظ و قاری نصر اللہ امجدی صاحب نے مجھے خبر دی کہ صدر اعلیٰ حضرت مولانا صدام حسین امدادی صاحب و نائب صدر حضرت علامہ امیر اللہ پٹھان صاحب کی گزارش پر حضرت علامہ مولانا اظہار احمد امدادی صاحب کی جانب سے ایک خوش آئند تعاون سامنے آیا ہے، جنہوں نے نہایت اُخلاص و محبت کے ساتھ دفتر کے لیے کرسیوں کا عطیہ دینے کا وعدہ صدرِ اعلیٰ حضرت مولانا صدام حسین امدادی صاحب سے کیا ہے۔
یہ وہ عظیم شخصیات ہیں جن کے دلوں میں دین، علم اور خدمتِ خلق کی حرارت ہمیشہ فروزاں رہتی ہے۔ الحمدللہ! احباب و معاونین کی دعاؤں، محبتوں اور تعاون کی بدولت ایک ایسا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جو دن بدن قوت پکڑ رہا ہے۔ تعاون کے یہ روشن چراغ اس بات کی نوید دے رہے ہیں کہ علماء فاؤنڈیشن کا مستقبل تابناک ہے، اور ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب قوم کے مسائل کا حل، دینی و تعلیمی رہنمائی، اور ہر اہم سماجی مشورہ علماء فاؤنڈیشن ضلع کپلوستو کے دفتر سے ہی فراہم ہوگا۔ یہ دفتر صرف ایک عمارت نہیں، بلکہ علم، اصلاح، قیادت اور اتحاد کا مرکز بننے والا ہے۔ دعائے خیر ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ادارے کو مزید استحکام، وسعت، قبولیت اور برکت عطا فرمائے، اور اسے قوم و ملت کی بہترین خدمت کا ذریعہ بنائے۔
نوشاد احمد قادری
میڈیا انچارج علماء فاونڈیشن ضلع کپلوستو
