چلتے طیارے کا ہنگامی دروازہ کھول کر مسافر کی چھلانگ
مولانا مشہود خاں نیپالی
لمبنی پردیش
نیپال اردو ٹائمز
، چینئی ایئرپورٹ پر ہنگامہ بھارت کے چینئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتوار کی صبح ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا، جب ایک مسافر نے لینڈنگ کے بعد ٹیکسی کرتے ہوئے طیارے کا ہنگامی دروازہ اچانک کھول کر باہر چھلانگ لگا دی، جس سے مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے شہر شارجہ سے آنے والی ایئر عربیہ کی پرواز میں 231 مسافر سوار تھے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ رن وے سے ٹیکسی وے کی جانب کم رفتار سے بڑھ رہا تھا۔
اسی دوران 34 سالہ ایک مرد مسافر نے غیر معمولی حرکت کرتے ہوئے ایمرجنسی دروازہ کھولا اور نیچے کود گیا۔ اس اچانک پیش رفت سے طیارے کے اندر افراتفری مچ گئی، تاہم پائلٹ نے فوری طور پر ایمرجنسی بریک لگا کر طیارہ روک دیا اور گراؤنڈ سیکیورٹی کو الرٹ کر دیا، جس کے نتیجے میں کسی بڑے حادثے سے بروقت بچاؤ ممکن ہو سکا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مذکورہ مسافر دوران سفر شدید بے چینی اور ناسازیٔ طبع کا شکار تھا۔ ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ اس نے چھلانگ لگانے سے قبل دو مرتبہ قے بھی کی تھی، جس کے باعث اس کے اس غیر معمولی اقدام کو اس کی خراب صحت سے جوڑا جا رہا ہے۔
اطلاع ملتے ہی سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جبکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے مسافر کو فوری حراست میں لے کر مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔ واقعے کے باعث چینئی ایئرپورٹ کی معمول کی سرگرمیاں عارضی طور پر متاثر ہوئیں۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صبح 3 بج کر 23 منٹ سے 4 بج کر 23 منٹ تک مرکزی رن وے کو بند رکھا گیا اور دیگر پروازوں کو متبادل رن وے کی جانب منتقل کیا گیا۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق طیارے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔ گرفتار شخص کی مکمل شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی، تاہم بتایا گیا ہے کہ وہ ریاست تمل ناڈو کے ضلع پودوکوٹئی کا رہائشی ہے۔ پولیس اور متعلقہ سیکیورٹی ادارے نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ ملزم کی ذہنی و جسمانی حالت کا جائزہ لینے کے لیے طبی ماہرین کی ٹیم بھی مقرر کر دی گئی ہے
۔مولانا مشہود خاں نیپالی
