Feb 7, 2026 07:42 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
آدھی روٹی کھائیے، بچوں کو پڑھائیے: مشائخ مارہرہ

آدھی روٹی کھائیے، بچوں کو پڑھائیے: مشائخ مارہرہ

13 Nov 2025
1 min read

آدھی روٹی کھائیے، بچوں کو پڑھائیے: مشائخ مارہرہ

از  : قاری رئیس احمد خان

دارالعلوم نورالحق چرہ محمد پور

فیض آباد ضلع ایودهیا یو پی انڈیا

وطن عزیز بھارت میں صدیوں سے فروغِ اسلام و سنیت اور فروغِ علم و انسانیت  کے لیے جو خانقاہیں خدمات انجام دے رہی ہیں ان میں خانقاہ مارہرہ شریف آج بھی لوگوں کے لیے مرکز توجہ اور نمونۂ عمل بنی ہوئی  ہے، 

مشائخ مارہرہ شریف کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ بھٹکے ہوئے لوگوں کو صراط مستقیم پر چلنے کی تعلیم سے آراستہ کیا جائے جس سے لوگ صحیح راستے پر چل کر اپنی آخرت کو سنوار سکیں، چونکہ دنیا آخرت کی بہترین کھیتی ہے اس میں فصل گل اگانے و کھلانے کے جتنے بھی طریقے بتائے گئے ہیں وہ سارے طریقے مشائخ مارہرہ صرف بتانے کی حد تک نہیں بلکہ اسے عملی طور پر  مشائخ مارہرہ ہر عہد میں اہم کردار سرانجام دینے میں ہمیشہ نمایاں رہے ہیں جو الحمد للہ آج بھی جاری وساری ہے ، مرشدان خانقاہ مارہرہ شریف ہمیشہ یہ چاہتے رہے کہ آخرت کی کھیتی لوگوں کی ہری بھری ہوجائے اسی لیے یہ خانقاہ ہر روز و شب دینی اور دنیاوی میدان " دارالعمل "  میں جہاں ایک جانب مشائخ مارہرہ لوگوں کے قلوب و اذہان کی تطہیر کے لیے تزکیۂ نفس کی تعلیم دینے میں مصروف عمل رہے ہیں وہیں  دوسروں طرف لفظ اقراء کی تفسیر و تعبیر بن کر نعرہ بلند کرتے ہوئے نظر آتے رہے ہیں کہ  ( آدھی روٹی کھائیے بچوں کو  پڑھائیے) 

احباب گرامی ----- یہ نعرہ صرف محض ایک نعرہ ہی نہیں ہے بلکہ مشائخ مارہرہ شریف کے بزرگوں کی بافیض زبانوں کی تاثیر و تعبیر ہے جو علی گڑھ کے علمی ماحول میں البرکات جیسی یونیورسٹی علمی تاج محل کی شکل میں لوگوں کو صرف دعوت نظارہ ہی نہیں دے رہی ہے بلکہ زبان حال سے علمی میدان میں کام کرنے والے لوگوں کو دعوت فکر بھی دے رہی ہے،  مشائخ مارہرہ شریف کی ترجیحات میں ہمیشہ اولین ترجیح یہ رہی ہے کہ پہلے لوگ علم حاصل کریں اور حصول کے ساتھ ساتھ علم کی روشنی میں عمل کرکے اپنی آخرت کی کھیتی ہری بھری کریں،

عزیزان  گرامی ----  البرکات علی گڑھ   

کے علاوہ تشنگان علوم نبویہ کے لیے جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف میں قائم ہے جس میں درس نظامی کی اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ فن تجوید و قرأت پر بھی خصوصی توجہ کے ساتھ علم تجوید و قرأت  کی بھی اعلیٰ تعلیم دی جاتی ہے ، مزید براں خوشی بالائے خوشی کی بات یہ ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے ہرسال عرس قاسمی کے با فیض موقع پر جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف کے زیر اہتمام و انتظام فن تجوید و قرأت کو فروغ دینے کے لیے طلبہ کے درمیان ملکی سطح پر مظاہرۂ قرأت قرآن ومقابلۂ حسن قرأت قرآن  کرایا جاتا ہے، جس میں جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف کے علاوہ ملک کی معروف ومشہور درسگاہوں کے طلبہ کثیر تعداد میں شریک ہو کر برکاتی فیضان سے فن تجوید و قرأت کے مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہیں، جامعہ احسن البرکات کے علاوہ  ملک کے مختلف مقامات پر مشائخ مارہرہ شریف کے قائم کردہ تعلیمی ادارے ، دینی درسگاہیں ، مکاتب و مدارس اور دارالعلوم وجامعات کی شکل میں قائم ہیں یا پھر اکثر مقامات پر مشائخ مارہرہ شریف کی سربراہی و سرپرستی میں  برکاتی فیضان سے ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہیں جہاں علوم نبویہ برکاتی چشمۂ  علم وعرفان سے اپنی علمی  تشنگی سے سیراب و فیضیاب ہو رہے ہیں،

رفیقان گرامی ----- یوں تو خانقاہ برکاتیہ مارہرہ شریف کی بہت ساری خصوصیات ہیں لیکن مجھ جیسے بے علم کے بس کی بات نہیں ہے کہ مشائخ مارہرہ شریف کے بزرگوں کی خصوصیات کواحاطۂ تحریر میں لا سکے، ہاں لیکن اپنے منتشر لفظوں سے اتنا ضرور کہنا چاہوں گا کہ مارہرہ شریف کی وہ خانقاہ ہے جہاں امت کے اکابرین علماء ومشائخ جبیں سا ئی کرنے میں صرف فخر ہی نہیں کرتے تھے بلکہ مشائخ مارہرہ شریف کے بزرگوں کی شان میں ہمیشہ رطب اللسان رہتے تھے اور آج بھی رہتے ہیں ، ان رطب اللسان اکابرین علماء مشائخ کی فہرست میں علمائے بدایوں اور علمائے بریلی ہمیشہ سرفہرست رہے ہیں، 

قارئین حضرات اب یہ خاکسار آپ کی دعائیں لیتے ہوئے آپ سے رخصت ہوا چاہتا ہے اور دعا گو بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ مشائخ مارہرہ شریف کے فیوض و برکات سے ہم سب کو مالا مال فرمائے اور صراط مستقیم پر چلنے کی توفیق عطا کرے، آمین

 

 

 

 

 

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383