Jun 23, 2026 02:10 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
خانقاہ واحدیہ طیبیہ میں آج "عرس حضور طاہر ملت" کا انعقاد، علماء و مشائخ کی شرکت متوقع

خانقاہ واحدیہ طیبیہ میں آج "عرس حضور طاہر ملت" کا انعقاد، علماء و مشائخ کی شرکت متوقع

22 Jun 2026
1 min read

خانقاہ واحدیہ طیبیہ میں آج "عرس حضور طاہر ملت" کا انعقاد، علماء و مشائخ کی شرکت متوقع

بلگرام شریف| 

 نیپال اردو ٹائمز

ہندوستان کی مشہور و معروف خانقاہ عالیہ واحدیہ طیبیہ بلگرام شریف میں آج بروز منگل 23 جون کو شمس العارفین، قدوۃ السالکین، بقیۃ السلف، عمدۃ الخلف، مستجاب الدعوات حضرت سید طاہر میاں بلگرامی رحمۃ اللہ علیہ کا سالانہ عرس نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوگا۔ 

خانقاہ ذرائع کے مطابق عرس کی تقریبات میں ملک بھر سے ممتاز علماء کرام، مشائخ عظام، معتقدین اور محبین بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ پروگرام کا انعقاد موجودہ سجادہ نشین پیر طریقت رہبر راہ شریعت مخزن علم و فن حضور سید سہیل میاں قادری چشتی مدظلہ العالی کی سرپرستی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ 

اس موقع پر خلیفہ طاہر ملت، خطیب ہردلعزیز علامہ مولانا محمد اسرار احمد فیضی واحدی صاحب قبلہ، ناظم اعلیٰ جامعہ امام اعظم ابو حنیفہ نسواں کالج نرہرپورروڈ علی پور بازار و صدر رضا اکیڈمی ضلع گونڈہ نے اپنے پیر و مرشد کی سیرت و افکار پر روشنی ڈالی۔  حضور طاہر ملت علیہ الرحمہ  اخلاقِ حسنہ سے متصف تھے، آپ فرماتے تھے کہ بہترین اخلاق سے بڑھ کر کوئی کرامت نہیں" شمس العارفین، بقیۃ السلف حضرت سید طاہر میاں بلگرامی المعروف "حضور طاہر ملت" علیہ الرحمہ کی شخصیتکا سب سے نمایاں پہلو مریدوں کے ساتھ حسن اخلاق سے پیش آنا،آپ کی سیرت دیکھ کر صحابہ کرام و اولیاء عظام کی یاد تازہ ہو جاتی تھی۔ چند جھلکیاں پیش ہیں:

آپ ہمیشہ مسکراتے ہوئے آنے والے سے ملاقات فرماتے۔ چھوٹے بڑے، امیر غریب، عالم جاہل، سب کے لیے آپ کا دروازہ اور دل کھلا تھا۔ کبھی کسی کو حقیر نہ جانا۔ فرمایا کرتے: "فقیر کا دل سب کے لیے کشادہ ہونا چاہیے۔"حقوق العباد کا پاس۔ آپ اپنے تمام مریدین کے نام ایک ڈائری میں درج رکھتے اور تنہائی میں ان کے لئے دعا فرماتے۔ بیمار کی عیادت، پریشان حال کی دلجوئی آپ کا معمول تھا۔  یہی سبب ہے کہ آپ کی بارگاہ سے کوئی خالی ہاتھ نہ لوٹتا۔ جو ممکن ہوتا عطا فرماتے، اور دعا سے ضرور نوازتے۔ آپ کی زندگی کا لمحہ لمحہ سنتِ نبوی ﷺ کا آئینہ تھا۔ لباس، گفتار، نشست و برخاست سب میں اتباعِ شریعت نمایاں تھی۔ فرماتے: "بغیر شریعت کے طریقت گمراہی ہے۔ آپ مسلمانانِ عالم

کے لیے بے چین رہتے۔ اصلاحی مجلسوں میں بار بار تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے۔ فرماتے: "بچوں کو دینی و عصری دونوں تعلیم دو۔ جہالت امت کا سب سے بڑا دشمن ہے۔" مدارس کی ترقی کے لیے ہمیشہ دعاگو رہتے۔ اتنے بڑے روحانی خانقاہ کا سجادہ نشین ہونے کے باوجود آپ میں تکبر کا شائبہ تک نہ تھا۔ زمین پر بیٹھ جاتے، عام لوگوں کے ساتھ کھانا کھا لیتے۔  آپ کی بات میں تاثیر تھی۔ نرم لہجہ، مدلل گفتگو اور مخاطب کے مزاج کا لحاظ رکھنا آپ کا خاصہ تھا۔ کسی کی دل آزاری نہ ہو، اس کا بے حد خیال رکھتے۔

اگست 2021ء میں وصال کے بعد بھی آپ کا مزار خانقاہ واحدیہ طیبیہ بلگرام شریف میں مرجع خلائق ہے۔ آج بھی لوگ آپ کے اخلاق کے واقعات سنا کر اپنی اصلاح کرتے ہیں۔ حضور طاہر ملت علیہ الرحمہ نے ثابت کیا کہ ولایت کا اصل معیار کرامت نہیں، اخلاق ہے۔ آپ کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے کہ ہم بھی نرمی، محبت، عفو اور خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔

 

 

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز (9701714929) (8795979383)