Aug 23, 2026 03:53 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
جلوسِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ اور ہماری ذمہ داریاں

جلوسِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ اور ہماری ذمہ داریاں

20 Aug 2026
1 min read

جلوسِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ اور ہماری ذمہ داریاں

ادیب شہیر علامہ  تنویر رضا ازھری حفظہ اللہ    شیخ الادب دار العلوم اشاعت الاسلام پرتاول مہراج گنج

*ماہِ ربیع النور* عاشقانِ رسول ﷺ کے لیے محبت وعقیدت، فرحت ومسرت اور ذکر و درود کا مبارک مہینہ ہے۔ اس پر بہار موقع پر منعقد ہونے والا جلوسِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ شریعت کے پاسداری اور ملکی قوانین کی پابندی کرتے ہوئے پُر امن، باوقار اور منظم ہونا چاہیے ، تاکہ نفرت کے ماحول میں عشقِ نبی کے ساتھ سیرتِ رسول ﷺ کی شمعیں فروزاں ہوں، اور ہمارے حسنِ اخلاق اور ذمہ دار شہری ہونے کا بہترین پیغام عام ہو ۔

اسی مقصد کے پیشِ نظر جلوسِ میلاد ﷺ کے لیے چند اہم رہنما اصول پیشِ خدمت ہیں :

❶ *اجازت (Permission) لازماً حاصل کریں*

جلوس نکالنے سے قبل متعلقہ انتظامیہ، مثلاً SDM اور مقامی تھانے سے باقاعدہ تحریری اجازت نامہ ضرور حاصل کریں، اس معاملے میں ہرگز غفلت نہ برتیں، بغیر اجازت جلوسنکالنے سے قانونی وانتظامی مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ یاد رکھیں! پرمیشن محض رسمی کارروائی نہیں، بلکہ جلوس کو پُرامن، منظم اور قانونی دائرے میں منعقد کرنے کے لیے ایک اہم انتظامی ضرورت ہے ۔

❷ *مقررہ وقت کی پابندی کریں*

اپنے یا انتظامیہ کی جانب سے مقررہ وقت کے مطابق جلوس کا آغاز کریں، اور مقررہ وقت کے اندر اختتام کی بھرپور کوشش کریں۔ غیر ضروری تاخیر اور پروگرام کو متعینہ وقت سے زیادہ طول دینے سے حتی الامکان گریز کریں ۔

❸ *ادب و احترام ملحوظ رکھیں*

جلوس کے دوران ادب واحترام کے ساتھ درود و سلام اور نعتِ پاک ﷺ پڑھنے کا اہتمام کریں۔ اختلافی اشعار ، غیر ضروری نعرے اور اشتعال انگیز حرکات سے مکمل اجتناب کریں۔ کسی مذہب، شخصیت یا طبقے کے خلاف غیر مہذب یا دل آزاری پر مبنی گفتگو ہرگز نہ کریں ۔

❹ *نظم و ضبط قائم رکھیں*

جلوس کے نظم وضبط کے لیے باصلاحیت اور ذمہ دار منتظمین و رضاکاروں کی ٹیم تشکیل دی جائے ، جو پورے جلوس کے دوران شرکاء اور ہجوم کو منظم رکھنے کی ذمہ داری ادا کرے ، اور کسی بھی ناخوش گوار صورتِ حال کو حکمت و تحمل کے ساتھ سنبھال سکے ۔

❺ *امن اور عوام کا خیال رکھیں*

جلوس کو امن، رواداری اور حسنِ اخلاق کا آئینہ بنائیں۔ تمام شہریوں اور دیگر مذاہب کے احترام کا خاص خیال

رکھیں۔ ٹریفک اور عام لوگوں کی آمد و رفت کے لیے ممکنہ حد تک راستہ کھلا رکھیں، اور ایسا کوئی طرزِ عمل اختیار نہ کریں جس سے کسی کی دل آزاری یا امن و امان میں خلل کا اندیشہ ہو۔

❻ *لاؤڈ اسپیکر کے قانون کی پابندی کریں*

لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات اور قانونی ضوابط کی مکمل پابندی کریں ۔ انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ ڈی جے، ہارن و دیگر صوتی آلات کی تعداد، اور آواز کی مقررہ حد سے تجاوز نہ کریں ۔ ایسی کسی بھی خلاف ورزی سے اجتناب کریں جو قانونی کارروائی کا سبب بن سکتی ہو ۔

❼ *انتظامیہ کے ساتھ حسنِ تعاون کا مظاہرہ کریں*

دورانِ جلوس ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کی جائز ہدایات پر عمل کریں۔ کسی شرپسندانہ حرکت، بحث و تکرار یا اشتعال انگیزی کا جواب اشتعال سے نہ دیں۔ اگر کوئی ناخوش گوار صورتِ حال پیش آئے تو خود کارروائی کرنے کے بجائے فوراً انتظامیہ کو اطلاع دیں اور ہر

حال میں امن برقرار رکھنے کی کوشش کریں۔

❽ *صفائی اور شہری سہولت کا اہتمام کریں*

جلوس کے راستے میں کچرا، پلاسٹک یا دیگر فضلہ نہ پھینکیں۔ پانی، کھانے یا دیگر اشیاء کی تقسیم کے بعد صفائی کا مناسب انتظام کریں۔ ممکن ہو تو صفائی کے لیے باقاعدہ رضاکار مقرر کیے جائیں، تاکہ جلوس کے اختتام پر راستہ صاف ستھرا اور شہریوں کے لیے سہولت برقرار رہے ۔۔۔

📢*آئیے !* اس بار اپنے جلوس کو ایک مثالی جلوس بنائیں! ایسا جلوس جس میں ہماری ہر ادا سے عشقِ رسول ﷺ جھلکے ، اور ہمارے کردار سے اسلام وسنیت کا حسن نمایاں ہو ۔۔۔ واللہ ولی التوفيق ۔

✍️ * تنویر رضا ازہری

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر (9701714929) (8795979383)