Nov 9, 2026 09:49 PM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
نوجوانوں کا آن لائن جوا کی طرف رجحان اور اس سے بچاؤ کی ترکیب

نوجوانوں کا آن لائن جوا کی طرف رجحان اور اس سے بچاؤ کی ترکیب

09 Nov 2026
1 min read

نوجوانوں کا آن لائن جوا کی طرف رجحان اور اس سے بچاؤ کی ترکیب

(قاری) اخلاق احمد نظامی 

مقام و پوسٹ گلرہا مہنداول ضلع سنت کبیر نگر 

آج کا دور موبائل اور انٹرنیٹ کا دور ہے۔ ہر ہاتھ میں موبائل ہے اور ہر موبائل میں انٹرنیٹ ہے۔ اس انٹرنیٹ نے دنیا کو بہت آسان کر دیا ہے۔ تعلیم، کاروبار، خبر، روزگار، ہر چیز اب ایک کلک پر مل جاتی ہے۔ لیکن اسی انٹرنیٹ نے ایک بہت بڑی برائی کو بھی ہمارے گھروں تک پہنچا دیا ہے اور وہ برائی  آن لائن جوا ہے  آج ہمارے نوجوان تیزی سے اس کی طرف جا رہے ہیں اور یہ رجحان دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے۔ یہ ایک ایسی بیماری ہے جو دکھائی نہیں دیتی لیکن اندر ہی اندر انسان کو کھوکھلا کر دیتی ہے۔ اس بیماری نے کتنے ہی گھروں کو برباد کر دیا ہے، کتنے ہی نوجوانوں کا مستقبل اندھیرے میں ڈال دیا ہے اور کتنے ہی والدین کی امیدوں کو خاک میں ملا دیا ہے۔

پہلے زمانے میں جوا کھیلنے کے لیے آدمی کو کہیں دور جانا پڑتا تھا، چھپ چھپ کر کھیلنا پڑتا تھا، لوگوں کی نظروں سے بچنا پڑتا تھا۔ لیکن آج جوا جیب میں آ گیا ہے۔ موبائل کھولو، ایک ایپ ڈاؤن لوڈ کرو اور جوا شروع۔ نہ کسی کو پتہ چلتا ہے، نہ کہیں جانا پڑتا ہے، نہ کسی سے ڈرنا پڑتا ہے۔ رات کے اندھیرے میں بستر پر لیٹے لیٹے بھی نوجوان جوا کھیل رہا ہوتا ہے۔ ماں باپ سمجھتے ہیں کہ بچہ پڑھ رہا ہے یا موبائل پر کوئی کام کر رہا ہے، لیکن وہ بچہ دراصل اپنی قسمت کو داؤ پر لگا رہا ہوتا ہے۔ یہی اس نئی برائی کی سب سے بڑی خطرناک بات ہے کہ یہ چھپی ہوئی ہے۔

آن لائن جوا کئی شکلوں میں آتا ہے۔ کبھی یہ کرکٹ اور فٹ بال کے میچ پر پیسہ لگانے کی شکل میں ہوتا ہے، کبھی یہ تاش اور رمی کی شکل میں ہوتا ہے، کبھی یہ رنگ برنگے گیمز کی شکل میں ہوتا ہے جن میں پیسہ لگا کر پیسہ جیتنے کا لالچ دیا جاتا ہے۔ ان سب کا نام الگ الگ ہے، لیکن کام ایک ہی ہے اور وہ ہے آدمی کی جیب خالی کرنا۔ شروع میں ان ایپس میں تھوڑا سا پیسہ جیتنے دیا جاتا ہے تاکہ نوجوان کو لالچ آ جائے۔ وہ سوچتا ہے کہ میں نے اتنی آسانی سے پانچ سو جیت لیے، تو پانچ ہزار بھی جیت سکتا ہوں۔ یہی لالچ اس کو پھنسا دیتا ہے۔ پھر وہ اور پیسہ لگاتا ہے، پھر اور لگاتا ہے اور ایک وقت ایسا آتا ہے کہ وہ اپنا سب کچھ ہار جاتا ہے۔

اس کی سب سے بڑی وجہ جلدی امیر بننے کی خواہش ہے۔ آج کا نوجوان محنت سے بچنا چاہتا ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ بغیر محنت کے راتوں رات امیر ہو جائے، اس کے پاس بڑی گاڑی ہو، اچھا موبائل ہو، اچھے کپڑے ہوں، لوگ اس کی عزت کریں۔ سوشل میڈیا پر وہ روز ایسے لوگوں کو دیکھتا ہے جو اپنی دولت کا دکھاوا کرتے ہیں۔ اس کو لگتا ہے کہ یہ سب بہت آسان ہے۔ اسی سوچ میں وہ جوے کی طرف چلا جاتا ہے۔ اس کو لگتا ہے کہ ایک بار قسمت چمک گئی تو زندگی بدل جائے گی۔ لیکن وہ یہ نہیں سمجھتا کہ جوا کبھی کسی کی زندگی نہیں بدلتا، بلکہ زندگی برباد کرتا ہے۔ جوا جیتنے والا بھی ہارتا ہے اور ہارنے والا تو ہارتا ہی ہے، کیونکہ جو پیسہ جوا میں آتا ہے وہ برکت والا نہیں ہوتا، وہ آتا بھی جلدی ہے اور جاتا بھی جلدی ہے۔

دوسری بڑی وجہ بے روزگاری اور خالی وقت ہے۔ بہت سے نوجوان پڑھ لکھ کر بھی بیکار بیٹھے ہیں۔ ان کے پاس کوئی کام نہیں ہے۔ خالی دماغ شیطان کا گھر ہوتا ہے۔ جب آدمی کے پاس کام نہیں ہوتا تو وہ غلط کاموں کی طرف جاتا ہے۔ موبائل پر وقت گزارنے کے لیے وہ گیم کھیلنا شروع کرتا ہے اور گیم سے جوا تک پہنچ جاتا ہے۔ کچھ نوجوان اپنے دوستوں کے دباؤ میں آ کر بھی جوا کھیلنا شروع کر دیتے ہیں۔ دوست کہتا ہے کہ تم ڈرتے ہو، ایک بار لگا کر تو دیکھو، سب لگاتے ہیں۔ اس شرم اور دکھاوے میں نوجوان اپنا پیسہ برباد کر دیتا ہے۔

تیسری وجہ ان ایپس کا اشتہار ہے۔ ٹی وی پر، یوٹیوب پر، فیس بک پر، ہر جگہ ان ایپس کا اشتہار آتا ہے۔ بڑے بڑے کھلاڑی اور فلمی اداکار ان کا اشتہار کرتے ہیں۔ نوجوان سوچتا ہے کہ جب اتنے بڑے لوگ اس کی تعریف کر رہے ہیں تو یہ غلط کیسے ہو سکتا ہے۔ وہ یہ نہیں سمجھتا کہ یہ اداکار پیسے لے کر اشتہار کرتے ہیں، ان کو نوجوانوں کے مستقبل سے کوئی مطلب نہیں ہے۔ ان اشتہاروں میں یہ دکھایا جاتا ہے کہ ایک عام سا لڑکا راتوں رات لاکھوں کا مالک بن گیا۔ یہ سب جھوٹا دکھاوا ہوتا ہے، لیکن نوجوان اس کو سچ مان لیتا ہے۔

آن لائن جوے کے نقصانات بہت زیادہ ہیں۔ سب سے پہلا نقصان پیسے کا نقصان ہے۔ نوجوان پہلے اپنی جیب خرچ سے کھیلتا ہے، پھر اپنی جمع پونجی لگاتا ہے، پھر گھر والوں سے جھوٹ بول کر پیسہ لیتا ہے، پھر قرض لیتا ہے اور آخر میں چوری تک کرنے لگتا ہے۔ کتنے ہی نوجوانوں نے اپنی ماں کے زیور بیچ دیے، باپ کی جمع پونجی اڑا دی، اپنی موٹر سائیکل بیچ دی اور پھر بھی ان کا لالچ ختم نہیں ہوا۔ جب پیسہ ختم ہو جاتا ہے تو وہ قرض میں ڈوب جاتا ہے۔ قرض دینے والے اس کو دھمکاتے ہیں، گھر آ کر بے عزتی کرتے ہیں۔ اس وقت نوجوان کے پاس کوئی راستہ نہیں بچتا۔

دوسرا نقصان ذہنی اور جسمانی صحت کا ہے۔ جوا کھیلنے والا نوجوان ہر وقت پریشان رہتا ہے۔ اس کو نیند نہیں آتی، بھوک نہیں لگتی، پڑھائی میں دل نہیں لگتا۔ وہ ہر وقت موبائل میں گھسا رہتا ہے۔ اس کا غصہ بڑھ جاتا ہے، وہ گھر والوں سے لڑتا ہے، چھوٹی چھوٹی باتوں پر چڑ جاتا ہے۔ آہستہ آہستہ وہ تنہائی کا شکار ہو جاتا ہے۔ اس کو لگتا ہے کہ سب لوگ اس کے دشمن ہیں۔ کئی نوجوان اس پریشانی میں نشہ کرنے لگتے ہیں اور کئی تو اپنی زندگی ختم کرنے کی بھی سوچنے لگتے ہیں۔ یہ بات بہت درد ناک ہے لیکن یہ سچ ہے کہ آن لائن جوے نے کئی نوجوانوں کو اس مقام تک پہنچا دیا ہے۔

تیسرا نقصان رشتوں کا ٹوٹنا ہے۔ جب گھر والوں کو پتہ چلتا ہے کہ ان کا بیٹا جوا کھیلتا ہے تو ان کے دل پر کیا گزرتی ہے، اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ ماں باپ نے جس بیٹے کو بڑی امیدوں سے پالا تھا، اسی بیٹے نے ان کا بھروسہ توڑ دیا۔ گھر میں ہر روز لڑائی ہوتی ہے۔ باپ بیٹے سے بات کرنا چھوڑ دیتا ہے، ماں روتی رہتی ہے۔ اگر وہ نوجوان شادی شدہ ہے تو اس کی بیوی اور بچے سب سے زیادہ دکھ اٹھاتے ہیں۔ گھر کا خرچ چلانا مشکل ہو جاتا ہے، بچوں کی فیس دینا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس طرح ایک نوجوان کی غلط عادت پورے خاندان کو برباد کر دیتی ہے۔

چوتھا نقصان مستقبل کی بربادی ہے۔ جو وقت پڑھائی اور محنت میں لگانا تھا، وہ وقت جوا میں لگ جاتا ہے۔ نوجوان امتحان میں فیل ہو جاتا ہے، نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے، کاروبار میں پیچھے رہ جاتا ہے۔ اس کے دوست آگے نکل جاتے ہیں اور وہ پیچھے رہ جاتا ہے۔ پھر اس کو اپنی غلطی کا احساس ہوتا ہے، لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ اس سے بچاؤ کی ترکیب کیا ہے۔ سب سے پہلی ذمہ داری والدین کی ہے۔ والدین کو اپنے بچوں پر نظر رکھنی چاہیے۔ یہ نظر رکھنا شک کی نظر نہیں ہونی چاہیے، بلکہ محبت کی نظر ہونی چاہیے۔ والدین کو اپنے بچوں سے بات کرنی چاہیے، ان کے دل کی بات سننی چاہیے۔ اگر بچہ ہر وقت موبائل میں گھسا رہتا ہے، اگر وہ پیسے مانگنے لگا ہے، اگر اس کا مزاج بدل گیا ہے، تو والدین کو سمجھ جانا چاہیے کہ کچھ گڑبڑ ہے۔ اس وقت ڈانٹنے اور مارنے کے بجائے پیار سے سمجھانا چاہیے۔ بچے کو یہ بتانا چاہیے کہ جوا کتنی بڑی برائی ہے اور اس سے کتنے گھر برباد ہوئے ہیں۔ والدین کو اپنے بچوں کو یہ بھی بتانا چاہیے کہ محنت کے بغیر کوئی کامیابی نہیں ملتی۔ جو پیسہ محنت سے آتا ہے، اسی میں برکت ہوتی ہے۔

دوسری ذمہ داری اساتذہ اور علماء کی ہے۔ اسکول، مدرسے اور مسجد میں اس موضوع پر بات ہونی چاہیے۔ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ اپنے شاگردوں کو سمجھائیں کہ آن لائن جوا کس طرح ان کا مستقبل برباد کر رہا ہے۔ علماء کو چاہیے کہ وہ جمعہ کے خطبے میں اس برائی کے خلاف آواز اٹھائیں۔ اسلام میں جوا حرام ہے۔ قرآن میں صاف کہا گیا ہے کہ جوا شیطان کا کام ہے۔ اس بات کو نوجوانوں کے دلوں میں بٹھانا بہت ضروری ہے۔ جب نوجوان کو یہ پتہ ہوگا کہ یہ کام اللہ کو ناراض کرنے والا ہے، تو وہ اس سے دور رہے گا۔

تیسری ذمہ داری نوجوانوں کی خود کی ہے۔ نوجوانوں کو خود سمجھنا ہوگا کہ یہ راستہ تباہی کا راستہ ہے۔ ان کو اپنے وقت کو اچھے کاموں میں لگانا چاہیے۔ کھیل کود، پڑھائی، ہنر سیکھنا، کوئی چھوٹا سا کام کرنا، یہ سب چیزیں نوجوان کو برائی سے بچا سکتی ہیں۔ جب آدمی مصروف رہتا ہے تو اس کے پاس غلط کاموں کے لیے وقت ہی نہیں بچتا۔ نوجوانوں کو اچھے دوست بنانے چاہییں۔ جیسا دوست ہوگا، ویسی ہی عادت ہوگی۔ اگر دوست جواری ہے تو وہ آپ کو بھی جواری بنا دے گا اور اگر دوست محنتی ہے تو وہ آپ کو بھی محنت کی طرف لے جائے گا۔ اس لیے دوستوں کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے۔

چوتھی ترکیب موبائل کا صحیح استعمال ہے۔ موبائل برا نہیں ہے، اس کا غلط استعمال برا ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے موبائل سے جوے والی ایپس کو ڈیلیٹ کر دیں۔ ان ایپس کے اشتہاروں کو دیکھنا بند کر دیں۔ موبائل میں ایسے کام کریں جن سے علم بڑھے، ہنر بڑھے، روزگار ملے۔ آج انٹرنیٹ پر بہت سے اچھے کام بھی ہیں۔ آن لائن پڑھائی ہو سکتی ہے، آن لائن کاروبار ہو سکتا ہے، آن لائن ہنر سیکھا جا سکتا ہے۔ اگر نوجوان چاہے تو اسی موبائل سے وہ اپنی زندگی بدل سکتا ہے۔ ضرورت صرف نیت کی ہے۔

پانچویں ترکیب سرکار اور سماج کی ذمہ داری ہے۔ سرکار کو چاہیے کہ وہ جوے والی ایپس پر سختی سے روک لگائے۔ ان ایپس کا اشتہار بند کرائے۔ جو لوگ ان ایپس کو چلاتے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ سماج کو چاہیے کہ وہ ایسے نوجوانوں کا مذاق نہ اڑائے، بلکہ ان کی مدد کرے۔ جو نوجوان اس لعنت میں پھنس گیا ہے، اس کو پیار سے نکالنے کی کوشش کرے۔ اس کو کام دلائے، اس کو حوصلہ دے، اس کو بتائے کہ ابھی بھی وقت ہے، وہ واپس آ سکتا ہے۔

آخر میں یہی کہنا ہے کہ آن لائن جوا ایک ایسی آگ ہے جو دکھائی نہیں دیتی، لیکن جس گھر میں لگ جاتی ہے، اس کو راکھ کر دیتی ہے۔ اس سے بچنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ والدین، اساتذہ، علماء، سماج اور نوجوان، سب کو مل کر اس کے خلاف لڑنا ہوگا۔ نوجوانوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ اصل کامیابی جوے میں نہیں، محنت میں ہے۔ جو نوجوان محنت کرتا ہے، وہ دیر سے سہی، لیکن ضرور کامیاب ہوتا ہے۔ اور جو نوجوان جوے کے چکر میں پڑتا ہے، وہ جلدی سے سہی، لیکن ضرور برباد ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے نوجوانوں کو اس برائی سے بچائے اور ان کو محنت اور ایمانداری کی راہ پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر (9701714929) (8795979383)