*نوجوانانِ دھرم سنگھوا کا عظیم کارنامہ دس روزہ یادِ شہدائے کربلا*
الحمد للہ ثم الحمد للہ! محرم الحرام کا مقدس مہینہ ہمیں ہر سال قربانی، صبر، استقامت اور حق پر ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے اسی سلسلے میں نگر پنچایت دھرم سنگھوا، ضلع سنت کبیر نگر (یوپی) کے نوجوانوں نے ایک قابلِ ستائش اور مبارک اقدام کرتے ہوئے یکم محرم الحرام سے 10 محرم الحرام تک دس روزہ یادِ شہدائے کربلا کا شاندار انعقاد کیا۔ یہ دینی، اخلاقی اور روحانی اعتبار سے ایک عظیم خدمت ہے جس پر تمام نوجوان مبارکباد کے مستحق ہیں واقعۂ کربلا اسلامی تاریخ کا وہ روشن باب ہے جس میں حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے دینِ اسلام کی سربلندی، حق و صداقت کی حفاظت اور باطل کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ کربلا ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ حالات کتنے ہی سخت کیوں نہ ہوں، مسلمان کو حق کا ساتھ نہیں چھوڑنا چاہیے۔ دھرم سنگھوا کے نوجوانوں نے نہایت محنت، لگن اور اخلاص کے ساتھ مجالس، محافل اور ذکرِ شہدائے کربلا کا اہتمام کیا۔ ان پروگراموں کے ذریعے عوام الناس کو امام حسینؓ کی سیرت، اہلِ بیتِ اطہارؓ کی عظمت اور کربلا کے پیغام سے روشناس کرایا گیا۔ یہ محنت اس بات کا ثبوت ہے کہ آج کی نوجوان نسل اپنے دین، اپنی تاریخ اور اپنے بزرگوں کی قربانیوں سے محبت رکھتی ہے۔
ایسے پروگرام معاشرے میں دینی شعور پیدا کرتے ہیں، نوجوانوں کی صحیح تربیت کا ذریعہ بنتے ہیں اور لوگوں کے دلوں میں اہلِ بیتِ رسول ﷺ کی محبت کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔ جبنوجوان اپنی توانائیاں دینی کاموں میں صرف کرتے ہیں تو معاشرہ خیر و بھلائی کی طرف گامزن ہوتا ہے اور نئی نسل کو بہترین نمونۂ عمل ملتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم صرف محافل منعقد کرنے پر اکتفا نہ کریں بلکہ امام حسینؓ کے کردار، صبر، تقویٰ، دیانت اور حق پسندی کو اپنی عملی زندگی میں بھی اپنائیں۔ حقیقی حسینی وہی ہے جو ظلم کے خلاف آواز بلند کرے، حق کا ساتھ دے، نماز کی پابندی کرے اور اپنے اخلاق و کردار کو اسلامی تعلیمات کے مطابق بنائے میں نگر پنچایت دھرم سنگھوا کے تمام نوجوانوں، منتظمین، معاونین اور شرکائے محفل کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ اللہ تعالیٰ ان کی تمام کوششوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، انہیں مزید دینی خدمات کی توفیق عطا فرمائے اور اس بستی کو امن، محبت اور برکتوں کا گہوارہ بنائے۔
اللہ تعالیٰ شہدائے کربلا کے صدقے ہم سب کو حق پر قائم رہنے، دین کی خدمت کرنے اور سیرتِ امام حسینؓ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمیــــــن
