اعظم گڑھ میں دعوتِ اسلامی انڈیا کا عظیم الشان سنتوں بھرا اجتماع آج 2نومبر کو
مدرسۃ المدینہ فیضانِ صدیقِ اکبر، اعظم گڑھ کے 21 حفاظِ کرام کی دستار بندی اور 60 طلبہ کو مارک شیٹ و اسنادِ تکمیل کی تفویض
نیپال اردو ٹائمز
اعظم گڑھ (پریس ریلیز)
دعوتِ اسلامی انڈیا کے زیرِ اہتمام 2 نومبر 2025ء بروز اتوار کو عزا واٹر پارک،بیٹھولی روڈ،بدوپور، اعظم گڑھ (یوپی) کی روح پرور فضاؤں میں ایک عظیم الشان اور سنتوں بھرا اجتماع منعقد ہونے جا رہا ہے، جو شام 4 بجے سے رات ساڑھے گیارہ بجے تک جاری رہے گا۔
یہ اجتماع ایمان و عشقِ رسول ﷺ کی حرارت اور سنتوں کی بہار سے معمور ہوگا، جس میں تلاوتِ کلامِ ربانی، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ، اصلاحِ عقائد و اعمال پر مشتمل روح پرور بیانات، ذکر و اذکار، صلوٰۃ و سلام، طلبۂ کرام کو اسناد و انعامات کی تقسیم اور خصوصی دعا کے نورانی لمحات شامل ہوں گے۔
گزشتہ دنوں دعوتِ اسلامی اعظم گڑھ ڈویژنکے ڈویژن نگراں جناب ابوطلحہ عطاری صاحب کی زیرِ صدارت ڈویژن سطح پر اسلامی بھائیوں کی ایک مجلسِ مشاورت منعقد ہوئی، جس میں اجتماع کی کامیابی کے لیے منصوبہ بندی کی گئی۔ مشاورت میں سنتوں کو عام کرنے، مدارسُ المدینہ کو منظم کرنے، ان کی کارگزاریوں کو وسعت دینے، اور اصلاحِ معاشرہ کے عملی نکات پر مفید تبادلۂ خیال ہوا۔
دعوتِ اسلامی کے مبلغینِ کرام،دیگر اکابر علمائے اہلِ سنت اور مفتیانِ کرام اس موقع پر اصلاحِ عقائد و اعمال، اتباعِ سنت، اور محبتِ رسول ﷺ کے موضوعات پر ایمان افروز بیانات فرمائیں گے، جب کہ محفلِ نعت و دعا کی روحانی فضا میں عاشقانِ رسول ﷺ کے دل عشق و اطاعتِ مصطفیٰ ﷺ کی روشنی سے منور ہوں گے۔اسی بابرکت اجتماع کے موقع پر مدرسۃ المدینہ فیضانِ صدیقِ اکبر، محلہ غلامی پورہ، اعظم گڑھ کے زیرِ اہتمام دستاربندی و تکمیلِ حفظِ قرآن کی تقریب بھی منعقد ہوگی۔ اس میں مدرسہ کے 21 خوش نصیب حفاظِ کرام کی دستار بندی اور 60 طلبہ کو مارک شیٹ و اسنادِ تکمیل تفویض کی جائیں گی۔ مدرسۃ المدینہ فیضانصدیقِ اکبر اعظم (رہائشی)کے پرنسپل حضرت مولانا حافظ و قاری اقبال حسین صاحب مصباحی نے بتایا کہ یہ تقریب طلبہ کے لیے حوصلہ افزائی اور والدین کے لیے مسرت و فخر کا باعث ہوگی۔ مدرسۃ المدینہ کے اساتذۂ کرام بالخصوص حضرت حافظ و قاری محمد اصغر صاحب اعظمی، حضرت حافظ و قاری محمد سعید صاحب اور حضرت قاری قسمت صاحب نے اہلِ ایمان و عاشقانِ رسول ﷺ سے اپیل کی ہے کہ اس نورانی اجتماع میں شرکت فرما کر اپنے ایمان و کردار کو سنواریں اور سنتوں کی بہاروں سے اپنے دل و دماغ کو معطر کریں۔
یہ اطلاع دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤ شریف، باڑمیر (راجستھان) کے ناظمِ تعلیمات و ادیبِ شہیر حضرت مولانا محمد شمیم احمد نوری مصباحی نے پریس ریلیز کے ذریعہ دی۔
