مرکز اہل سنت بریلی شریف کی عظیم روایت برقرار:
قائد ملت کی جانب سے مرحوم مولانا توصیف صاحب کے اہل خانہ کو دیئے گئے پانچ لاکھ روپے کا امداد
۔ پریس ریلیز نیپال اردو ٹائمز
محمد رضوان احمد مصباحی
مرکز اہل سنت بریلی شریف صدیوں سے علم دین، مسلک اہل سنت کے تحفظ، عشق رسول ﷺ کے فروغ اور علما و عوام کی دینی رہنمائی کا ایک روشن مینار رہا ہے۔ یہی وہ مبارک سرزمین ہے جہاں امام اہل سنت، مجدد دین و ملت اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان فاضل بریلوی علیہ الرحمہ نے عشق مصطفیٰ ﷺ، تحفظ عقائد اہل سنت اور خدمت دین کی ایسی لازوال تاریخ رقم کی جس کی روشنی آج بھی پوری دنیا میں پھیل رہی ہے۔ خانوادہ اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ ہمیشہ سے علم، تقویٰ، خدمت خلق اور اہل سنت کی خیر خواہی میں نمایاں رہا ہے۔ اسی مبارک خانوادے کی روشن روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے قائد اہل سنت، جانشین حضور تاج الشریعہ حضرت علامہ عسجد رضا خان قادری صاحب مدظلہ العالی نے ایک مرتبہ پھر ملت کے دل جیت لیے ہیں۔
جماعت رضاۓ مصطفیٰ، درگاہ اعلیٰ حضرت بریلی شریف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق قائد ملت کے حکم پر جماعت کے قومی (مہاسچیو) جناب فرمان حسن خان (فرمان میاں) صاحب اپنی پوری ٹیم کے ساتھ 10 مئی 2026 کو بریلی شریف سے بہار کے ضلع کشن گنج پہنچے اور مرحوم عالم دین مولانا توصیف رضا مظہری صاحب کے گھر (باکھوٹولی، ٹھاکر گنج، کشن گنج) جا کر اہل خانہ سے ملاقات کر کے تعزیت پیش کئے ۔ نیز اعلامیہ کے مطابق حضور قائد ملت کی جانب سے مرحوم مولانا توصیف صاحب کی اہلیہ کو پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد پیش کی گئی ۔ یہ صرف ایک مالی تعاون نہیں بلکہ خانوادہ اعلیٰ حضرت کی اس عظیم دینی و اخلاقی روایت کا تسلسل ہے جس میں اپنے علما، ائمہ اور اہل علم کی قدر افزائی اور ان کے اہل خانہ کی خبر گیری کو عبادت کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔قومی (مہاسچیو) جناب فرمان حسن خان نے اپنے بیان میں کہا کہ اہل سنت کا یہ مرکز ہمیشہ اپنے علما اور دینی خدمت انجام دینے والوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ان شاء اللہ العزیز صبح قیامت تک ساتھ کھڑا رہے گا
انہوں نے کہا کہ مرحوم مولانا توصیف رضا مظہری نے اپنی حیات میں دین اسلام، مسلک اہل سنت اور عوام کی اصلاح و تربیت کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیئے اس لیے ان کے اہل خانہ کی دلجوئی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ قائد ملت حضرت مفتی عسجد رضا خان صاحب کا یہ عظیم اور انسانیت نواز اقدام پورے ملک میں سراہا جا رہا ہے۔ دینی و سماجی حلقوں نے اسے نہ صرف علما سے محبت اور وفاداری کی روشن مثال قرار دیا بلکہ یہ بھی کہا کہ آج کے دور میں ایسے کردار ہی ملت کے لیے امید اور اتحاد کا پیغام ہیں۔بلاشبہ مرکز اہل سنت بریلی شریف آج بھی اپنے اکابرین کی روایات کے مطابق محبت، اخوت، خدمت خلق اور تحفظ اہل سنت کا عظیم مرکز بنا ہوا ہے، اور قائد ملت کی یہ پیش قدمی ملت کے لیے ایک روشن مثال ہے۔
