نکاح کو سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق کریں : افسر علی قادری
ایک ہی دن میں دس غریب مسلم بچیوں کا نکاح نہایت سادگی، وقار اور شرعی اصولوں کے ساتھ انجام پایا۔
پریس ریلیز ( سورت گجرات )
نیپال اردو ٹائمز
امیر الدین خان شیرانیؔ
المدار ٹرسٹ واپی، گجرات جو حضرت سید بدیع الدین رحمۃ اللہ علیہ کے نام سے منسوب ہے، اتوار 21 دسمبر 2025 کو ملتِ اسلامیہ کے لیے خدمتِ خلق کی ایک روشن اور قابلِ تقلید مثال بن کر سامنے آیا۔یوں تو المدار ٹرسٹ ہمیشہ سے دینی ، ملی فلاحی ، رفاہی کاموں میں پیش پیش رہتا ہے لیکن حالیہ دنوں اس تنظیم نے ایسے کارنامے انجام دئیے جس پر پوری جماعت کو فخر ہے
آج کے اس بابرکت دن ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام ایک ہی دن میں دس غریب مسلم بچیوں کے نکاح نہایت سادگی، وقار اور شرعی اصولوں کے ساتھ انجام پائے، جو یقیناً ایک عظیم سماجی اور دینی خدمت ہے، جس کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے ۔آج کے دور میں جب شادی جیسے مقدس فریضے کو غیر ضروری اخراجات اور رسم و رواج نے مشکل بنا دیا ہے، جہیز کی لعنت نے پوری طرح سے اپنا کنٹرول بنا رکھا ہے ، جب کہ جہیز کے نام پر بچیوں کے ساتھ ظلم ہورہا ہے، ایسی صورت میں المدار ٹرسٹ واپی کا یہ عملی قدم واقعی لائقِ تحسین ہے۔
ان کار خیر کے ذریعے نہ صرف مستحق بچیوں کا مستقبل محفوظ ہوا بلکہ ان کے والدین کے دلوں سے ایک بڑا بوجھ بھی اتر گیا، جس بوجھ کو سماج نے جہیز جیسی لعنت کی شکل میں لادے رکھا تھا ،ایسی خاموش اور مخلص خدمت ہی دراصل دین کی حقیقی روح ہے۔گزشتہ شب میں حضرت سید ابو طلحہ اشرفی صاحب کی سرپرستی میں ایک روح پرور جلسے کا انعقاد ہوا، جس میں خصوصی خطاب حضرت مفتی حماد رضا صاحب کا رہا.محفل کی روحانیت میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب ہندوستان کے معروف شاعر و نعت خواں حضرت قاری محمد علی فیضی صاحب نے عشقِ رسول ﷺ سے لبریز نعت پیش کی۔
اس شاندار خدمت کے پیچھے حضرت حافظ و قاری افسر علی صاحب قبلہ استاذ دارالعلوم قادریہ اشرفیہ غریب نواز دمن اور حضرت حافظ و قاری شاہد رضا صاحب قبلہ کی مخلص قیادت نمایاں ہیں ، جن کی بصیرت، محنت اور نظم و ضبط کی بدولت المدار ٹرسٹ واپی آج اعتماد اور خدمت کا معتبر نام بن چکا ہے۔المدار ٹرسٹ کا یہ کارنامہ ہندوستان کی دوسری تنظیموں کے لیے مشعل راہ ہے۔
اللہ تعالیٰ المدار ٹرسٹ واپی کو مزید ترقی عطا فرمائے اور اس کے ذمہ داران کی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے۔ آمین
