Feb 7, 2026 06:11 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
شاہد شیخ بن محمد ساجد شیخ نے صرف پانچ مہینے سات دن میں کیا پورا قرآن پاک حفظ ۔

شاہد شیخ بن محمد ساجد شیخ نے صرف پانچ مہینے سات دن میں کیا پورا قرآن پاک حفظ ۔

26 Dec 2025
1 min read

دارالعلوم شاہ عالم احمدآباد  میں زیر تعلیم محمد شاہد شیخ بن محمد ساجد شیخ نے صرف پانچ مہینے سات دن میں کیا پورا قرآن پاک حفظ ۔

پریس ریلیز

نیپال اردو ٹائمز بیورو

گجرات بھارت

          قرآن مجید وہ عظیم آسمانی کتاب اور سر چشمہ ہدایت ہے، جس میں زندگی کے ہر شعبے سے متعلق ضروری رہنمائی ہے ، اس کی تلاوت ، اسے حفظ کرنا، اسے محبت بھری نگاہ سے دیکھنا، اور اس میں غور و فکر کرناسب عبادت ہے، اللہ تعالی ہمیں قرآن پاک کی اہمیت اور مقام و مرتبہ سے آگاہ کرتے ہوئے ارشاد فرماتاہے: "هُدًى لِلنَّاسِ وَبَيِّنَةٍ مِنَ الْهُدَى وَالْفُرْقَانِ " اس قرآن میں لوگوں کی ہدایت، رہنمائی اور فیصلہ کی روشن باتیں ہیں۔

           قرآن کریم کس قدر مبارک کتاب ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگائیے ، کہ اللہ رب العالمین نے اس کے ہر حرف کی تلاوت کے عوض دس ۱۰ نیکیاں رکھی ہیں، حضرت سیدنا عبد اللہ بن مسعود نے سے مروی ہے کہ سرور کونین صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: «مَنْ قَرَأَ حَرْفاً مِنْ كِتَابِ اللَّهِ فَلَهُ بِهِ حَسَنَةٌ، وَالْحَسَنَةُ بِعَشْرَةِ أَمْثَالِهَا، لَا أَقُولُ: الم حَرْفٌ، وَلَكِنْ أَلِفٌ حَرْفٌ، وَلَامٌ حَرْفٌ، ومِيمٌ حَرْفٌ۔               ترجمہ "جس نے کتاب اللہ کا ایک حرف پڑھا اس کے لیے اس کے عوض ایک نیکی ہے ،

اور ایک نیکی کا ثواب دس گنا ہوتا ہے۔ میں نہیں کہتا کہ "الم " ایک حرف ہے ، بلکہ "الف " ایک حرف ہے، "لام " ایک حرف، اور میم " ایک حرف ہے* "(سنن الترمذی)

           مورخہ ٤/ رجب المرجب ١٤٤٧ھ مطابق ٢٥/ دسمبر ٢٠٢٥ء بروز جمعرات ختم حفظ قرآن پاک کی ایک مقدس اور با برکت محفل منعقد ہوئی۔

           الحمد للہ: باغ حضور شاہ عالم علیہ الرحمہ کی فضاؤں میں فیضِ حضور شاہ عالم علیہ الرحمہ کے چھینٹوں سے مستفیض ہوکر کچھ غنچہ گل کھل کر بام و در کو معطر کر دئے۔ یعنی سات حفاظ کرام نے ختم حفظ قرآن عظیم  کر کے اس کی بر کتوں سے اپنے نہاں خانہ دل کو منور کیا۔ *جبکہ ایک طالب علم محمد شاہد شیخ بن محمد ساجد شیخ وٹوا احمدآباد شریف نے فقط  پانچ مہینے سات دن کی قلیل مدت میں مکمل قرآن شریف حفظ کرکے اساتذہ کرام اور طلبہ عظام کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا*  اور اپنی غیر معمولی ذہانت و فطانت اور مضبوط عزم و حوصلہ کا ایک ایسا مظاہرہ کیا جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ جناب موصوف نے اپنے اس فعل سے یہ ثابت کر دیا کہ اگر عزم مستحکم ہو تو ہر نا ممکن چیز ممکن بن جاتی ہے۔               یہ خبر موصول ہوتے ہی علمی اور دینی حلقوں میں خوشی کی لہردوڑ گئی۔ ہر چہارجانب سے مبارکبادی کے گلدستے پیش کئے جا رہے ہیں۔ *در اصل  یہ عظیم کامیابی ان کے مخلص اور محنتی استاذ حضرت حافظوقاری انصار احمد صاحب قبلہ امجدی کی شبانہ روز محنت، توجہ اور خلوص کا نتیجہ ہے۔* جنھوں نے اپنے شاگردوں کو اس قابل بنایا کہ وہ کلام الہی کو اپنے سینوں میں محفوظ کر سکیں۔

               اس موقع پر دارالعلوم کے جملہ اساتذہ اور طلبہ کے اہل خانہ بھی داد و تحسین کے مستحق ہیں جنھوں نے ہر مرحلے پر بچوں کی حوصلہ افزائی اور مکمل تعاون کیا۔

              *امسال٢٠/رجب المرجب ١٤٤٧ھ مطابق١٠/جنوری ٢٠٢٦ء بروز ہفتہ دارالعلوم کے سالانہ دستار بندی کے موقع پر علماء و سادات کی جھرمٹ میں ٣٣/ علماء، حفّاظ اور قرّاء کو سند و دستار سے نوازا جائے گا۔* جو اساتذہ، ارکان اور طلباء کے لیے باعث صد افتخار ہے کہ جہاں لوگوں کا رجحان اس نازک اور پُرفتن دور میں دینی تعلیم و تعلم سے برگشتہ ہوکر عصری تعلیم کی طرف دن بدن بڑھ رہا ہے وہاں ایسے ماحول میں یہ اعزاز دارالعلوم کے اساتذہ و ارکان کے لیے نعمت عظمٰی سے کم نہیں ہے۔

          *یہ ناچیز اس پرمسرت اور پر بہار موقع پر دارالعلوم کے جملہ ارکان، اساتذہ بالخصوص حافظ و قاری انصار احمد امجدی صاحب کی بارگاہ میں ہدیہ تبریک پیش کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ آئندہ بھی اسی طرح طلبہ کی ترقی اور مفاد کے لیے سعی پیہم کرتے رہیں گے۔* جس سے دارالعلوم شب و روز ترقی کی راہوں کی طرف گامزن ہو سکے۔ 

      دعا ہے کہ اللہ عزوجل اپنے محبوب صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کے توسل ان حفاظ کرام کو حفظ قرآن کے ساتھ فہم قرآن اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اساتذہ کرام اور ان کے والدین کو دارین کی سعادتوں سے مالا مال فرمائے۔ آمین۔

                           شریک مسرت: 

                    عبدالجبار علیمی ثقافی

           *نائب صدرالمدرسین  دارالعلوم ہذا.*

٥/رجب المرجب ١٤٤٧ھ 

مطابق ٢٦/دسمبر ٢٠٢٥ء

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383