Aug 7, 2026 03:28 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
مصنف سراج العربیۃ اور کتاب "سراج العربیۃ

مصنف سراج العربیۃ اور کتاب "سراج العربیۃ

09 Jul 2026
1 min read

مصنف سراج العربیۃ اور کتاب "سراج العربیۃ

7/ جون 2026ء بروز اتوار، شام کے وقت مدرسہ  رضویہ شمس العلوم، باڑا جانے کا اتفاق ہوا۔ مقصد صرف یہ تھا کہ مدرسہ کے مایۂ ناز استاذ شعبہ حفظ، قاری جمشید صاحب قبلہ  سے ملاقات کرکے واپس لوٹ آؤں؛ لیکن قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ وہاں ایک ایسی باکمال، منکسر المزاج اور بااخلاق شخصیت سے ملاقات نصیب ہوئی جس کی سادگی، شفقت اور علمی وجاہت نے دل کو مسحور کر لیا۔  یعنی  استاذِ محترم شیخ العلم والقلم حضرت علامہ غلام طہ حمیدی برکاتی مصباحی  صاحب  ( مد ظلہ العالی ) سے تقریباً ایک دہائی کے بعد بالمشافہ ملاقات اور دست بوسی کا شرف حاصل ہوا۔ سادہ لباس، بشاشت سے دمکتا چہرہ، لبوں پر دل آویز مسکراہٹ اور حکمت و نصیحت سے بھرپور گفتگو—سب کچھ ویسا ہی تھا جیسا میں نے اپنے زمانۂ طالب علمی، تقریباً سترہ اٹھارہ سال قبل دیکھا تھا۔

حضرت علامہ موصوف  مد ظلہ العالی  ایک طویل عرصے تک مدارس میں بحسن و خوبی  تدریسی خدمات انجام دینے کے بعد سرکاری ملازمت سے وابستہ ہوگئے، لیکن یہ ان کی دینی غیرت، علمی حمیت اور قومی دردمندی کا روشن ثبوت ہے کہ ملازمت کی مصروفیات اور دنیاوی مشاغل کے باوجود قوم کے نونہالوں کی تعلیم و تربیت سے ان کی دل چسپی میں کوئی کمی نہیں آئی۔ بلکہ انہوں نے اپنی علمی صلاحیتوں کو نئی نسل کی خدمت کے لیے وقف رکھتے ہوئے متعدد مفید کتابیں تصنیف کیں۔ زیرِ تبصرہ  کتاب ’’سراج العربیۃ‘‘ (حصہ اول و دوم) اسی خلوص، محنت اور تعلیمی بصیرت کا ایک  ایسا روشن نمونہ ہے  جس کی گواہی درجنوں اہل علم و نظر  اپنی تحریروں اور بیانات کے ذریعے دے چکے ہیں۔    کتاب میں موجود اہل زبان و قلم کی تقریظات اس کی  بین دلیل ہیں۔ 

حضرت موصوف  نے اپنی یہ گراں قدر تصنیف مجھ بے مایہ کو عنایت فرماتے ہوئے اس کے مطالعہ سے مشرف ہونے  اور تاثرات قلم بند کرنے کا حکم  صادر فرمایا ۔ بعد ازاں دوبارہ یاد دہانی پر   میں نے دونوں حصوں کا بغور مطالعہ کیا۔ مطالعے کے بعد نا چیز  اس نتیجہ پر پہنچا   کہ یقینا  ’’سراج العربیۃ‘‘ عربی زبان سیکھنے والوں کے لیے نہایت مفید، آسان فہم اور عملی نوعیت کی ایک کامیاب کاوش ہے۔ فالحمد للہ علی ذلک ۔

حصہ اول

کتاب کا پہلا حصہ بنیادی طور پر عربی مفردات پر مشتمل ہے۔ روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والی اشیاء، مقامات اور ضروری الفاظ کو نہایت سادہ اور دل نشین انداز میں جمع کیا گیا ہے۔  حضرت مصنف نے بڑی عرق ریزی  سے ابتدائی طالب علموں کے لیے درکار مفردات کو یکجا کردیا ہے۔ کتاب میں جگہ جگہ اردو اور عربی زبان میں حکمت آموز اقوال بھی درج ہیں، جو زبان سیکھنے کے ساتھ ساتھ فکری اور اخلاقی تربیت کا بھی ذریعہ بنتے ہیں۔

حصہ اول کے اختتام پر مختصر عربی مکالمہ، مشہور عربی نظم «طَلَعَ الْبَدْرُ عَلَيْنَا» کے چند اشعار اور گاڑیوں سے متعلق عربی سوالات و جوابات شامل کیے گئے ہیں، جو طالب علم کی عملی مشق اور زبان دانی میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

حصہ دوم

دوسرا حصہ 23 اسباق پر مشتمل ہے۔ 

کتاب کے آخر میں «حَديقَة»، «الوَلَدُ المُجتَهِد» ،«الهِند» اور«اللُّغَةُ العَرَبِيَّة»  کے عنوانات  پر مختصر  مضامین    شامل ہیں۔ مزید سہولت کے لیے آخر میں حل لغات (عربی سے اردو اور اردو سے عربی ) درج ہیں تاکہ طلبہ کیلیے عربی پڑھنا لکھنا آسان ہو جائے  ۔کتاب کی نمایاں خصوصیات

1/ٹائٹل پیج پر عربی زبان کی اہمیت پر حدیث پاک کی پیش کش 

قارئین کو عربی زبان سیکھنے سکھانے پر ابھارتی ہے۔

2/’’سراج العربیۃ ‘‘کی سب سے بڑی خوبی سہل  اسلوب

، تدریج اور عملی افادیت ہے۔ 

3/حضرت مصنف نے ہر سبق کے بعد طلبہ کی ذہنی سطح کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے مختلف الانواع مشقیں فراہم کی ہیں، جن کی بدولت کمزور اور متوسط درجے کے طلبہ بھی آسانی کے ساتھ اسباق کو سمجھ کر یاد  سکتے ہیں۔

4/کتاب کا اسلوب نہایت رواں، ترتیب منطقی اور مواد تدریجی ہے۔

5/ تصاویر کے ساتھ الفاظ کی پیش کش ابتدائی درجے کے طلبہ کے لیے اسے مزید مؤثر بناتی ہے اور اپنی طرف مائل کرتی ہے۔ 

6/ اس کتاب میں محض حفظ و یادداشت پر ہی  زور نہیں دیا گیا بلکہ فہم، مشاہدہ اور عملی استعمال کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ طالب علم بغیر کسی ذہنی بوجھ کے قدم بہ قدم عربی الفاظ، تراکیب اور بنیادی جملوں سے واقف ہوتا چلا جاتا ہے۔

7/رنگین اور جاذبِ نظر ترتیب، مناسب مثالیں اور آسان مشقیں طلبہ کے اندر عربی زبان سے شغف پیدا کرتی ہیں اور زبانِ قرآن سیکھنے کا ذوق بیدار کرتی ہیں۔

8/ حضرت  مصنف نے نہ صرف تدریسی تقاضوں کو ملحوظ رکھا ہے بلکہ بچوں کی نفسیات کو بھی پیشِ نظر رکھا ہے، جس کے باعث تعلیم ایک بوجھ کے بجائے ایک خوشگوار اور دلچسپ سفر محسوس ہوتی ہے۔

9/ کتاب میں ان ہی دروس کو شامل کیا گیا ہے جن کی ضرورت عموماً ہر طالبِ علم کو پیش آتی ہے۔

10/ مختصر مضامین اور معلوماتی اسباق طلبہ کے علمی ذخیرے میں اضافہ کرتے ہیں اور عربی تکلم و کتابت کی  عادت کو پروان چڑھاتے ہیں۔

عصر حاضر کے تقاضوں کو  پورا کرنے والی یہ کتاب میری رائے میں  مدارس کے نصاب میں شامل کیے جانے کی مکمل  مستحق ہے، کیونکہ عربی زبان کی ابتدائی تعلیم کے لیے یہ ایک نہایت موزوں اور مؤثر معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ البتہ دوسرے حصے میں کمپوزنگ کی  چند 

معمولی کمیاں نظر آئیں، جن کی نشاندہی کر کے الگ سے  صاحب کتاب کو ارسال کردی جائے گی، ان شاء اللہ ۔ امید ہے کہ آئندہ اشاعت میں ان کی اصلاح فرمادی جائے گی۔

ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ اس کتاب سے استفادہ صرف درجاتِ مولویت کے طلبہ تک محدود نہیں، بلکہ ناظرہ اور ابتدائی درجات کے طلبہ بھی اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یہی اس کی وسعتِ افادیت اور کامیابی کی روشن دلیل ہے۔

مختصراً یہ کہا جاسکتا ہے کہ ’’سراج العربیۃ‘‘ اپنے نام کی طرح عربی زبان کی تعلیم کے افق پر ایک روشن چراغ ہے، جو نوخیز اذہان کو زبانِ قرآن کی روشنی سے منور کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ عربی زبان کی ابتدائی تعلیم کے میدان میں ایسی کتابیں کم ہی دیکھنے کو ملتی ہیں جو سہل اسلوب ، افادیت، ترتیب اور دلکشی کو اس خوب صورتی کے ساتھ یکجا کرسکیں۔

مزید براں  حضرت مصنف  کی دیگر مطبوعات  بالخصوص :

مشکوۃ الخمسہ جو کہ پانچ زبانوں میں ہے۔ 

اردو تاج محل    ،  حصہ اول تا پنجم ( کلاس ایک سے پانچ تک پرائمری بچوں کیلیے) یہ کتاب اردو ہندی  سیکھنے کیلیے بہترین انمول تحفہ ہے۔ 

اسلامی اولیات اور کارنامے۔  یہ کتاب اسلامی عام معلومات یعنی :

ISLAMIC G.K      پر نئی طرز کی ایک ایسی بے مثال کتاب ہے جو مدارس اسلامیہ ، اسکول، کالجز ، یونیورسٹیز اور علمی شائقین کو ہمہ وقت دعوت مطالعہ دیتی ہے۔ 

اللہ تعالیٰ مصنفِ کتاب استاذ گرامی حضرت علامہ غلام طہ حمیدی برکاتی مصباحی باڑاوی  صاحب کے علم، عمل اور اخلاص میں مزید برکتیں عطا فرمائے، ان کی علمی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور اس کتاب کو طالبان علوم نبویہ کے لیے نافع اور مؤثر بنائے۔ آمین یا رب العالمین۔

راقم :طالب حسین صابری ازہری

جگدر، سیتامڑھی، بہار، انڈیا۔

مبائل نمبر : 8092455699-91+

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز (9701714929) (8795979383)