May 10, 2026 05:26 PM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
سکومواسیوں کے معاملے میں ریاست کا رویہ ظالمانہ اور غیر انسانی: کانگریس

سکومواسیوں کے معاملے میں ریاست کا رویہ ظالمانہ اور غیر انسانی: کانگریس

07 May 2026
1 min read

سکومواسیوں کے معاملے میں ریاست کا رویہ ظالمانہ اور غیر انسانی: کانگریس

پریس ریلیز

نیپال اردو ٹائمز 

محمد رضوان احمد مصباحی 

کاٹھمنڈو: نیپالی کانگریس نے سکومواسی (بے گھر و بے زمین افراد) کے انتظام کے نام پر حکومت کی کارروائیوں کو "ظالمانہ اور غیر انسانی" قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے۔ پارٹی کی مرکزی عاملہ کمیٹی کے اجلاس میں اس معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت نے آئین اور قانون کے طے شدہ طریقہ کار کو نظر انداز کرتے ہوئے زبردستی بستیوں کو ہٹانے کا عمل اختیار کیا، جو نہ صرف غیر قانونی بلکہ انسانی اقدار کے بھی خلاف ہے۔ کانگریس نے واضح کیا کہ حقیقی سکومواسی اور بے زمین شہریوں کو رہائش فراہم کرنا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے، جبکہ جعلی دعویداروں کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ حکومت نے ندی کنارے کی بستیوں کو ہٹاتے وقت شہریوں کو دھمکانے، زبردستی بے دخل کرنے حتیٰ کہ عبادت گاہوں اورتعلیمی اداروں کو بھی مسمار کرنے جیسے اقدامات کیے، جو جمہوری اصولوں کے منافی ہیں۔ نیپالی کانگریس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آئین میں دیے گئے "باوقار زندگی کے حق" کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور مسئلے کو قانون کے بجائے طاقت اور جبر کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ادھر بے دخل کیے گئے افراد کے لیے قائم ہولڈنگ سینٹرز اور عارضی پناہ گاہوں کی صورتحال پر بھی پارٹی نے سخت تشویش ظاہر کی۔ اطلاعات کے مطابق وہاں بچوں، خواتین اور بزرگوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس نے ایک خصوصی مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، جو صحت، خوراک، پینے کے پانی، صفائی اور سکیورٹی کے حالات کا جائزہ لے گی۔ مزید برآں، پارٹی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ حقیقی سکومواسیوں کی شناخت کر کے انہیں مستقل اور محفوظ رہائش فراہم کی جائے۔ ساتھ ہی پارٹی کے مقامی اداروں اور کارکنوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ متاثرہ شہریوں کو خوراک، کپڑے اور ادویات فراہم کرنے میں فوری تعاون کریں۔

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز (9701714929) (8795979383)