May 2, 2026 03:01 PM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
محبت رسول ہی اصل کامیابی کی ضمانت ہے ـ مولانا سید نظامی حسن فردوسی ازہری

محبت رسول ہی اصل کامیابی کی ضمانت ہے ـ مولانا سید نظامی حسن فردوسی ازہری

01 May 2026
1 min read

محبت رسول ہی اصل کامیابی کی ضمانت ہے ـ مولانا سید نظامی حسن فردوسی ازہری

گلرہا میں معروف سماجی شخصیت محمد یونس انصاری کے سالانہ فاتحہ پر جلسہ عید میلاد النبی کا انعقاد

مہنداول ، سنت کبیر نگر

 (اخلاق احمد نظامی)

نیپال اردو ٹائمز

محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم ایمان کی جان ہے۔یہ وہ چراغ ہے جو دلوں کو روشن کرتا ہے، یہ وہ خوشبو ہے جو روح کو مہکا دیتی ہے۔جس دل میں عشقِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم بستا ہے، اس کی دنیا بھی روشن ہوتی ہے اور آخرت بھی سنور جاتی ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار گزشتہ شب ترقیاتی بلاک مہنداول کے مسلم اکثریتی گاؤں موضع گلرہا مہنداول میں معروف سماجی شخصیت و سابق بی ڈی سی ممبر محمد یونس انصاری کے سالانہ فاتحہ کے موقع پر منعقد جلسہ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم سے خانقاہ مخدومیہ سبحانیہ فردوسیہ بلہری شریف فیض اباد اجودھیا کے چشم و چراغ آل رسول مولانا سید نظامی حسن فردوسی ازہری نے خطاب کرتے ہوئے کیا 

انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات سراپا رحمت ہے، ان کی ہر ادا رہنمائی کا چراغ ہے، ان کا ہر قول نور ہے، ان کا ہر عمل کامل ہدایت ہے۔

مولانا سید ازہری نے کہا کہ محبتِ رسول وہ نعمت ہے جس سے انسان کے اعمال میں خلوص آتا ہے، نیتیں پاک ہوتی ہیں، اور زندگی کو ایک اعلیٰ مقصد ملتا ہے۔ہم اگر اپنے دل کی دنیا کو سچ میں آباد دیکھنا چاہتے ہیں تو اپنے دلوں کو عشقِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم سے لبریز کرنا ہوگا۔یہ عشق ہی ہے جو غلامانِ مصطفیٰ کو ظلمتوں کے دور میں چراغ بناتا ہے، مصیبتوں کے طوفان میں کشتی بناتا ہے، اور زندگی کی راہوں میں آسانیاں عطا کرتا ہے۔

مولانا سید ازہری نے کہا کہ آؤ ہم  سب آج عہد کریں کہ ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کو اپنی سانسوں میں بسا ئیں گے، ان کی سنتوں کو اپنی 

زندگی کا زیور بنا ئیں گے، اور ان کی تعلیمات کو اپنے کردار کا آئینہ بنا ئیں گے۔کیونکہ محبت کا اصل تقاضا اطاعت ہے، اور اطاعتِ رسول ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔

مولانا سید ازہری نے آخر میں کہا کہ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! یقیناً ہماری جانیں، ہماری سانسیں، ہمارا دل، ہماری روح آپ پر قربان ہے

اللہ ہمیں سچی محبت عطا کرے اور اس محبت پر ثابت قدم رکھے۔ آمین۔ دارالعلوم اہلسنت قطبیہ روشن العلوم لیڈوامہوا امرڈوبھا شہر پنچایت بکھرا بازار کے پرنسپل قاری نثار احمد نظامی نے کہا کہ آج کا جلسہ حلقہ کے مشہور سماجی کارکن سابق بی ڈی سی ممبر محمد یونس انصاری کے سالانہ فاتحہ کے موقع پر منعقد ہے انہوں نے کہا کہ اولاد پر والدین کے حقوق اتنے زیادہ ہیں کہ یہ سلسلہ صرف والدین کی زندگی تک بھی محدود نہیں، بلکہ والدین کے حقوق اُن کی وفات کے بعد بھی باقی رہتے ہیں۔اِس سلسلے میں تعلیمات احادیثِ طیبہ میں موجو دہیں: حضرت ابو سعید خدری رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے ہم رسول اﷲ ﷺکی خدمت میں حاضر تھے کہ بنی سلمہ کے ایک شخص آئے اور انہوں نے دریافت کیا : یا رسول اﷲ ﷺ!کیا میرے والدین کے مجھ پر کچھ ایسے بھی حقوق ہیں جن کو میں ان کے مرنے کے بعد ادا کروں؟ آپ علیہ السلام نے فرمایا:ہاں !ان کے لیے خیر ورحمت کی دعا کرتے رہنا ،ان کے واسطے اﷲ سے مغفرت اور بخشش مانگنا، ان کا اگر کوئی عہد و معاہدہ کسی سے ہو تو اس کو پورا کرنا ،ان کے تعلق سے جو رشتے ہوں ان کا لحاظ رکھنا اور ان کا حق اداکرنا ؛اور ان کے دوستوں کا اکرام واحترا م کرنا۔

قاری نظامی نے کہا کہ مذکورہ بالا حدیث سے مرحوم والدین کے اولاد پر چار طرح کے حقوق معلوم ہوتے ہیں پہلاحق اﷲتعالیٰ سے اپنے والدین کے لیے مغفرت کی دعا کرنا۔ دوسراحق اُن کی وصیت کا پورا کرنا اور نصیحت پر عمل کرنا۔ تیسرا حق: مرحوم والدین کے دوستوں کے ساتھ جو حیات ہیں حسن سلوک کرنا اور چوتھاحق ذو الارحام رشتے داروں سے محبت کرنا میل جول رکھنا۔ ٖٖ قاری نظامی نے کہا کہ اِس حدیث میں اُس شخص کے لیے بھی امید کی کرن موجود ہے جو اپنے والدین کی نافرمانی کرتا رہے پھر بعد میں جب اس کے والدین دنیا سے جاچکے ہو تو اس کو احساس ہو اور وہ اپنے اِس جرم عظیم کی تلافی کرنا چاہے؛تووہ مذکورہ بالا چار طریقوں سے اِس کی تلافی کرنے کی کوشش میں لگا رہے۔اﷲتعالیٰ کی ذات سے قوی امید ہے کہ وہ فرماں برداروں میں لکھ دے۔

قاری نظامی نےکہا کہ بیشتر جگہ مشاہدے میں آیا ہے کہ والدین کے مرنے کے بعد اولاد کو اس بات کی فکر ہوتی ہے کہ ہم نے کتنی بڑی نعمت کھو دی اور ہم نے اُس کاحق ادا نہ کیا۔ اس کے لیے بھی اﷲتعالیٰ نے ایک راستہ رکھاہے کہ اُن کے لیے ایصال ثواب کی کثرت کرتارہے اورجتنا ہوسکے ان کو صدقہ دے کر ،نوافل پڑھ کر،قرآن کریم کی تلاوت کرکے ثواب پہنچائے۔ والدین کے اعزاوا قربا،دوست احباب کے ساتھ ویسا ہی حسنِ سلوک کرے جیسا ماں باپ کے ساتھ کرنا چاہیے۔ 

قاری نظامی نے کہا کہ ایک حدیث میں آتا ہےجو لڑکا اپنے والد کے مرنے کے بعد ہرجمعہ کو قبرستان جائے، اﷲ کی طرف سے اس کے لیے مغفرت کا اعلان ہے۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے والدین کی قبر روزانہ تو کم از ہر جمعہ فاتحہ خوانی کے لیے ضرور جائیں 

 اس سے قبل پروگرام کا آغاز حافظ محمد مدثر افضل تنویری نے تلاوت کلام پاک سے کیا اس کے بعد مشہور نعت خواں غلام غوث رضوی خلیل آبادی سمیت درجنوں شعراء و نعت خواں نے حمد و نعت اور منقبت کے اشعار نذر کئے دریں اثناء آل رسول مولانا سید نظامی حسن فردوسی ازہری کی گل پوشی کی گئی تاہم نعرہائے تکبیر و رسالت سے استقبال کیا گیا پروگرام کی صدارت مولانا ارشاد احمد سبحانی استاذ دارالعلوم اہلسنت اظہار العلوم ارجی سدھارتھ نگر و نظامت حافظ صاحب عالم سبحانی نے کی  اس موقع پر مولانا قاری محمد مسعود رضا علیمی ازہری ، مولانا رضوان دانش مصباحی ، مولانا نور الحسن قادری ، قاری ممتاز احمد سبحانی ، قاری غلام نبی احمد نظامی ، حافظ محمد کامل نظامی ، مولانا عبد الاحد سبحانی ، مولانا سمیع اللہ نظامی ،حافظ غلام علی سبحانی ، قاری اخلاق احمد نظامی ، قاری اختر رضاسبحانی، توقیر احمد انصاری ،ڈاکٹر روشن علی انصاری ،ڈاکٹر عبید الرحمن ببلو انصاری اور محرم علی انصاری کے علاوہ کثیر تعداد میں فرزندان توحید و رسالت موجود تھے پروگرام کا اختتام صلوۃ و سلام اور دعا کے ساتھ ہوا

weeklynepalurdutimes@gmail.com

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز (9701714929) (8795979383) weeklynepalurdutimes@gmail.com