لوگ آسان سمجھتے ہیں مسلماں ہونا
مولانا توصیف نور اللہ تربتہ کے ٹرین میں قتل کا انتہائی افسوس ہے۔ مگر کچھ باتیں یاد رکھیں۔ ان کا قتل صرف اور صرف مذہبی تشخص رکھنے کی بنیاد پر ہوا ہے جو انہیں یقیناً شہادت کے درجے پر فائز کرے گا۔ لیکن مذہبی تشخص رکھنے والے احباب سے مخلصانہ درخواست ہے کہ
* جب بھی سفر کریں اپنا تحفظ یقینی بنائیں۔ *
تنہا سفر سے پرہیز کریں۔
* کوشش کریں کہ دوران سفر اپنے کام سے کام رکھیں.
* نہ کسی سے بے وجہ بات چیت اور نہ کسی کے قریب بیٹھنا
۔ * ممکن ہو تو اے سی کلاس میں سفر کریں۔ سب سے اہم بات خدا نہ کرے اگر کسی کے ساتھ ایسا حادثہ ہوتا ہے تو * اہل ثروت کو بلکہ ایک ایک فرد کو دل کھول کر ان کی مدد کرنی چاہیے۔ * یہ مدد ظاہر کرکے کی جائے کہ اس سے بھی ظالموں کے حوصلے پست ہوتے ہیں۔ * کئی مرتبہ اہل خانہ مدد لینے سے انکار کر دیتے ہیں ایسے میں قرب و جوار کے علماء سمجھائیں کہ یہ مدد غریب یا محتاج سمجھ کر نہیں کی جا رہی ہے بلکہ ظالموں کو دکھانے اور ان کے حوصلے پست کرنے کے لیے کی جا رہی ہے لہذا اسے قبول فرمائیں۔ * ہمارے امام حضرات کو ملک بھر میں اپنے خطاب جمعہ میں مولانا توصیف نور اللہ تربتہ کے اہل خانہ کی مالی مدد کی پر زور اپیل کرنی چاہیے۔ > یہ ان کے لیے کیس لڑنے، بچوں کی کفالت اور ظالموں کی حوصلہ شکنی کے لیے نہایت ضروری ہے۔
نوٹ: جو لوگ بھی ان گھر تعزیت کے لیے جائیں وہ مہمانوں کے ناشتہ اور خرد و نوش کی ضروری اشیاء ساتھ لے کر جائیں۔ ایسے تکلیف کے موقع پر انہیں انتظامات کی مشقت سے محفوظ رکھیں اور زیادہ دیر ان کے پاس نہ بیٹھیں۔ اہل خانہ کو بھی خلوت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اور دوسرے ملنے والے بھی ہوتے ہیں۔ نیز جتنی مرتبہ تذکرہ ہوتا ہے ہر مرتبہ اتنی ہی تکلیف انہیں ہوتی ہے لہذا جتنے ضروری تعزیت اور پرسہ ہیں اتنا ہی ضروری ان کے درد اور ان کی صحت کا خیال رکھنا بھی ہے۔ یقیناً مولانا کی موت شہادت کی موت ہے کیوں کہ انہیں ان کے دینی تشخص کے لیے قتل کیا گیا ہے۔ اللہ عزوجل اہل خانہ بالخصوص اہلیہ اور بچوں کو صبر جمیل اور اجر جزیل عطا فرمائے۔ خیر! "صبر تو آتے آتے آتا ہے۔" اور ہم بخوبی جانتے ہیں گھر میں جوان موت کا کیا اثر ہوتا ہے۔ مہینوں بعد بھی زخم ایسا تازہ رہتا ہے کہ ذرا دھکہ لگا اور زخم سے خون جاری ہوگیا۔
ابر رحمت تیری مرقد پر گہر باری کرے ؎
حشر تک شان کریمی ناز برداری کرے
محمد شاہد علی مصباحی
روشن مستقبل دہلی تحریک علماے بندیل کھنڈ
