Feb 7, 2026 06:10 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
تفویض کتب علمیہ بموقع  پندرہ سو سالہ میلاد مصطفیٰ ﷺ و عرس غریب نواز

تفویض کتب علمیہ بموقع پندرہ سو سالہ میلاد مصطفیٰ ﷺ و عرس غریب نواز

22 Jan 2026
1 min read

تفویض کتب علمیہ بموقع  پندرہ سو سالہ میلاد مصطفیٰ ﷺ و عرس غریب نواز

نوری مشن/اعلیٰ حضرت فاؤنڈیشن سے تعلیمی مراکز میں ’’فتاویٰ جامعہ اشرفیہ‘‘ کے سیٹ تفویض

نیپال اردو ٹائمز 

پریس ریلیز 

مالیگاؤں:  علمی اثاثہ

(فتاویٰ جامعہ اشرفیہ۔12؍مجلدات) سے ہمارے اساتذہ و اسکالرز استفادہ کریں گے۔ نوری مشن و اعلیٰ حضرت فاؤنڈیشن انٹرنیشنل یوکے کا یہ قابلِ تقلید قدم ہے کہ تعلیمی اداروں میں "فتاویٰ جامعہ اشرفیہ" تحفتاً پیش کر رہے ہیں۔ اِس طرح کا اظہارِ خیال گزشتہ دنوں نوری مشن وفد سے مولانا شیخ اسماعیل ازہری نے فرمایا۔ وفد نے امام ماتریدی انسٹی ٹیوٹ پہنچ کر ’’فتاویٰ جامعہ اشرفیہ‘‘ پیش کیا۔ پندرہ سو سالہ میلادِ مصطفیٰ ﷺ و عرس حضور غریب نواز کی نسبت سے  مالیگاؤں کے تعلیمی اداروں میں یہ سیٹ پیش کیے گئے۔ ’’فتاویٰ جامعہ اشرفیہ‘‘ کی جلد اول حضور حافظ ملت کے فتاویٰ پر مشتمل ہے۔ یوں ہی جلد دوم سے لے کر بارہویں جلد تک حضور شارح بخاری مفتی شریف الحق امجدی کے فتاویٰ ہیں۔ یہ فتاویٰ فقہ اسلامی کا عظیم اثاثہ ہیں۔ جن میں تحقیق و تدقیق کا جہان آباد ہے۔ ان کی افادیت مسلّم ہے کہ اکابر کے فتاویٰ رہبر و رہنما ہوتے ہیں اور ان سے مسلکِ سلفِ صالحین کی خوشبو پھیلتی ہے۔ بعد ازاں جامعہ حنفیہ سنیہ میں سیٹ تفویض کیا گیا، مفتی مدثرحسین ازہری نے کہا کہ اِس جہت سے گزشتہ چار سالوں سے نوری مشن کی تفویضِ کتب کی روایت افادہ بخش ہے۔

دارالعلوم تاج الشریعہ آل مصطفیٰ میں مفتی نورالحسن مصباحی نے کہا کہ یہ بڑا علمی کارنامہ ہے؛ جس کے اثرات دیرپا ہوں گے۔ جامعہ قادریہ نجم العلوم میں مفتی محمد رضا مرکزی و حافظ تجمل حسین ضیائی نے کہا کہ یہ روایت علما و طلبہ کے لیے باعث افتخار ہے۔ دارالعلوم خانقاہ اشرفیہ میں مولانا افتخار جامعی اشرفی نے فرمایا کہ: کتابوں کی تفویض کا یہ مرحلہ خوب تر ہے۔ ان شاء اللہ اساتذہ و طلبہ "فتاویٰ جامعہ اشرفیہ" سے استفادہ کریں گے۔  الجامعۃ الزہراء اہل سنت اظہارالعلوم میں جناب رمضان کاملی و حافظ محمد رمضان نے ’’فتاویٰ جامعہ اشرفیہ‘‘ کا سیٹ قبول کرتے ہوئے کہ ہم اس روایت ترسیلِ کتب کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ مولانا رضاء المصطفیٰ و اساتذۂ جامعہ فیضانِ فاروق اعظم نے کہا کہ مدارسِ اہل سنت میں ترسیلِ کتب کی یہ سالانہ روایت یقیناً ذوقِ مطالعہ کو مہمیز دے گی۔ دارالعلوم غوث اعظم کے ناظم قاری عبیدالرحمٰن اشرفی نے سیٹ کے حصول کے وقت کہا کہ: نوری مشن کا کام ہمیشہ سراہا گیا ہے؛ حافظ ساجد حسین اشرفی بھی اکثر مشن کا تذکرہ کرتے تھے۔ وفد میں فرید رضوی، معین پٹھان رضوی، نعیم رضوی، شاداب رضوی، یاسین رضوی، آصف رضوی موجود تھے۔ جب کہ ’’ترسیل کتب علمیہ‘‘ کی روایت پر تعارفی کلمات غلام مصطفیٰ رضوی نے ادا کیے۔ ماضی میں تاریخ اسلامی و تاریخ علماے ہند، تردید قادیانیت و ردِ فرقہ ہاے باطلہ پر سیٹ نیز موسوعہ اسلامیہ، فتاویٰ تاج الشریعہ کے تفویض کی کڑیاں اسی تناظر میں مربوط ہیں، اس جہت سے یہ چوتھا مرحلۂ ترسیلِ کتبِ علمیہ تھا جو شہری سطح پر بحسن و خوبی طے ہوا۔ امید ہے کہ اس طرح کی سرگرمیاں دیگر اماکن میں علمی لحاظ سے سرگرم افراد کے ذوق کو بڑھانے نیز مدارس کی علمی اعانت  پر آمادہ کرے گی۔ ایسی رپورٹ نوری مشن سے ارسال کی گئی۔

 

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383