خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو شریعت مطہرہ کے اصولوں پر عمل کرتے ہیں ـ قاری بلال احمد نظامی
جامعہ ماتریدیہ بلوکھ کے طالب علم محمد عاقب نے ایک ہی نشست میں پورا قرآن سنایا
پریس ریلیز
نیپال اردو ٹائمز بیورو
سدھارتھ نگر (اخلاق احمد نظامی)
دارالعلوم اہلسنت مصباح العلوم المعروف جامعہ ماتریدیہ بلوکھ ضلع سدھارتھ نگر میں آج ہفتہ کو طالب علم حافظ محمد عاقب ابن عبد الخالق مقام سعی بزرگ پوسٹ بکھرا بازار ضلع سنت کبیر نگر نے اپنے مشفق استاذ قاری محمد فضل الرحمان علیمی سمیت دیگر علماء ،مشائخ اور حفاظ کرام کی ٹیم کے روبرو صرف نو گھنٹے میں اور ایک ہی نشست میں مکمل قرآن پاک سنانے کی سعادت حاصل کی اور دادو تحسین سے نوازے گئے، اس موقع پر حافظ قرآن کی حوصلہ افزائی کے لئے ان کے اعزاز میں ایک استقبالیہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں خوش نصیب حافظ قرآن محمد عاقب سلمہ کو دادوتحسین اور مبارک باد سے نوازا گیا تاہم پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے قاری بلال احمد نظامی اور مولانا محمد حسین تنویری نے کہا کہ اس خاندان گیتی پر سیکڑوں انسان بستے ہیں اور اپنی متعینہ زندگی گزار کر دار بقا کی طرف کوچ کر جاتے ہیں۔ بیشتر انسان اپنے مقصد کو فراموش کرکے دنیا کو پانے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں اور از صبح تا شام لہو و لعب میں مصروف ہوکر اپنا قیمتی وقت ضائع کردیتے ہیں انہیں ذرہ برابر احساس نہیں ہوتا کہ گزرا ہوا وقت دو بارہ واپس نہیں آئے گا۔
مگر اسی نیلگوں آسمان تلے اللّٰہ تعالیٰ کے کچھ ایسے بندے بھی بستے ہیں جو اس کی رضا کے حصول کے لیے حتی المقدور کوشش کرتے ہیں اور اپنا قیمتی وقت کار خیر میں صرف کرنے کی سعی کرتے ہیں انہیں خوش نصیب گروہ میں آج عزیزم حافظ محمد عاقب سلمہ بھی شامل ہوگئے ۔ علماء نے کہا کہ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اللہ تعالیٰ کے مقدس کلام کو اپنے سینے میں محفوظ کرکے خود کو شریعت مطہرہ کے اصولوں پر عمل پیرا کرنے کی جہد مسلسل کرتے ہیں حافظ قرآن کے لئے یقیناً یہ وہ نورانی سعادت ہے جس کے مد مقابل تمام لطف و کرم اور سعادتیں ثانوی درجہ رکھتی ہیں۔
علماء نے کہا کہ بڑے مبارکباد کے مستحق ہیں استاذ الحفاظ والقراءحضرت حافظ و قاری محمد فضل الرحمان علیمی صاحب جو بڑی محنت اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داری نبھا رہےہیں آج اسی محنت کا نتیجہ ہے کہ ان کی با فیض درسگاہ سے ایک ہی نشست میں ایک بچہ مکمل قرآن پاک سنانے کی سعادت حاصل کرلی
اس سے قبل پروگرام کا آغاز تلاوت کلام اللہ سے ہوا اس کے بعد دیگر شعراء ونعت خواں نے بارگاہ رسالت میں منظوم خراج عقیدت پیش کئے
اخیر میں دارالعلوم ہذا کے ذمہ داران نے اعلان کیا کہ کہ جو بھی طالب علم ایک نشست میں پورا قرآن سنائے گا انہیں دارالعلوم ہذا کے سالانہ جلسہ دستار بندی کے موقع پر پانچ ہزار روپئے نقد انعام سے نوازا جائے گا
اس موقع پر دارالعلوم ہذا کے استاذ مولانا احمد حسین علیمی نے مدرسے کا تعارف پیش کیا اور دعاکی کہ اللہ تعالیٰ اپنے محبوب صلی اللّٰہ تعالیٰ علیہ وسلم کے صدقے میں دارالعلوم ہذا کو روز افزوں ترقی عطا فرمائے اور اساتذہ کرام کو خلوص و للہیت کے ساتھ دین متین کی خدمت کرنے کا جذبہ عطا فرمائے اور طلبہ کو کامیابی و کامرانی عطا فرمائے۔ پروگرام کا اختتام صلوۃ و سلام سے ہوا
