May 8, 2026 07:08 PM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
امام احمد رضا کانفرنس و جلسہ دستار بندی: ایک روحانی و علمی یادگار

امام احمد رضا کانفرنس و جلسہ دستار بندی: ایک روحانی و علمی یادگار

23 Apr 2026
1 min read

امام احمد رضا کانفرنس و جلسہ دستار بندی: ایک روحانی و علمی یادگار

بلوہا بازار، سدھارتھ نگر (یوپی) –

نیپال اردو ٹائمز بیورو

مورخہ 20 اپریل 2026 بروز سوموار دارالعلوم اہل سنت غوثیہ نظام العلوم میں منعقد ہونے والی امام احمد رضا کانفرنس و جلسہ دستار بندی ایک نہایت روح پرور، علمی اور یادگار اجتماع ثابت ہوئی۔ اس بابرکت محفل نے نہ صرف علم و عرفان کی روشنی کو عام کیا بلکہ دلوں میں عشقِ رسول ﷺ اور خدمتِ دین کا جذبہ بھی تازہ کر دیا۔

📖 امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ: روشنی کا مینار

امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ کی ذات برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک روشن مینار کی حیثیت رکھتی ہے۔ آپ نے جس انداز میں دینِ اسلام کی خدمت کی، عقائدِ اہلِ سنت کی حفاظت فرمائی اور عشقِ رسول ﷺ کا پیغام عام کیا، وہ رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ اسی نسبت سے منعقد ہونے والی یہ کانفرنس دراصل اسی عظیم مشن کی تجدید کا ایک حسین ذریعہ بنی۔

🌹 خصوصی مہمان گرامی کی آمد

اس موقع پر جانشین فاتح بلگرام، رئیس الاتقیا، پیر طریقت، رہبر شریعت، مخدوم ملت حضرت علامہ حافظ و قاری سید اویس مصطفیٰ واسطی قادری قبلہ دامت برکاتہم العالیہ (سجادہ نشین خانقاہ عالیہ قادریہ چشتیہ صغرویہ بلگرام شریف و قاضی شرع ضلع ہردوئی) کی آمد نے محفل کو مزید رونق بخشی۔ ان کی موجودگی نے طلبہ اور حاضرین کے اندر ایک نیا ولولہ پیدا کیا۔

اسی طرح مفکر اسلام، خطیبِ ہند حضرت علامہ مولانا مفتی خالد ایوب مصباحی قبلہ نے اپنے مدلل، پُراثر اور بصیرت افروز خطاب سے سامعین کے دلوں کو گرما دیا۔ ان کی تقریر میں علم کی گہرائی، فکر کی پختگی اور دین کے لیے درد صاف جھلک رہا تھا۔

🎓 بیس حفاظِ کرام کا اعزاز 

تاہم اس کانفرنس کا سب سے حسین اور قابلِ فخر لمحہ وہ تھا جب بیس (20) خوش نصیب طلبہ کے سروں پر حفظِ قرآن 

کی دستار باندھی گئی۔ جس میں 12 وہ خوش نصیب طلبہ تھے جنہوں نے تعلیمی سال 2025/26 میں ایک نشست مکمل قرآن کو زبانی سنایا تھا ،یہ منظر نہایت روحانی، ایمان افروز اور آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچانے والا تھا۔ یہ طلبہ اپنی محنت، اساتذہ کی شفقت اور والدین کی دعاؤں کے نتیجے میں اس عظیم مقام تک پہنچے۔

حقیقت یہ ہے کہ حافظِ قرآن بننا ایک بڑی سعادت ہے اور اس کی دستار بندی ایک عظیم اعزاز کی علامت ہوتی ہے۔ ان حفاظ نے اس دن ثابت کر دیا کہ قرآنِ کریم کا علم حاصل کرنا اور اسے سینے میں بسا لینا انسان کو دنیا و آخرت میں سرفرازی بخشتا ہے۔

🎁 خصوصی اعلانِ عمرہ

آخر میں قائد اہل سنت حضرت علامہ مولانا محمد ریحان رضا خان نظامی قبلہ (بانی و سربراہ اعلیٰ ادارہ ہذا) نے دارالعلوم کے دو خوش نصیب اساتذہ کے لیے عمرہ کا اعلان فرمایا، جس کے بعد پوری محفل نعرۂ تکبیر و رسالت سے گونج اٹھی۔

آخر میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس بابرکت کانفرنس کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، دارالعلوم غوثیہ نظام العلوم کو دن دگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے، اور ان حفاظِ کرام کو قرآنِ کریم کا سچا خادم اور امت کے لیے مشعلِ راہ بنائے۔اللہ تعالیٰ ہمیں بھی قرآن سے محبت کرنے، اسے سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ تمام حاضرین، منتظمین، اساتذہ اور مہمانانِ خصوصی کو اجرِ جزیل سے نوازے

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز (9701714929) (8795979383)