حکومت اپنے شہریوں کو کسی بھی صورت میں بچائے گی: وزارت خارجہ
شفیق رضا بٹول:
وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ حکومت مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کی وجہ سے واپس وطن آنے کے خواہشمند نیپالی شہریوں کو کسی بھی صورت میں بچائے گی۔بدھ کے روز سنگھ دربار میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزارت خارجہ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک میں جانے والے مزدوروں کو اگر کوئی مسئلہ درپیش ہو تو انہیں ہر صورت میں بچایا جائے گا۔پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ بالانند شرما نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک میں مقیم نیپالی مزدور خطرے میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیپالی مزدور خطرے میں پڑ گئے تو نیپالی حکومت ان کی مدد کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ایک ہی وقت میں لاکھوں افراد کو بچانے کی ضرورت پڑی تو اس قسم کا بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا جائے گا۔ وزیر شرما نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کیوجہ سے مزدوروں سے زیادہ ٹرانزٹ میں پھنسے ہوئے لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانزٹ میں پھنسے ہوئے لوگوں کے رہائش اور کھانے پینے کا انتظام متعلقہ مشن اور متعلقہ ایئرلائنز نے کیا ہے۔اسی طرح، وزارت خارجہ کے وسطی ایشیا، مغربی ایشیا اور افریقہ کے ڈائریکٹر رام کاجی کھڈکا نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کی وجہ سے اب تک 15 نیپالی زخمی ہوئے ہیں اور ایک ہلاک ہوا ہے۔ انہوں نےبتایا کہ ہلاک ہونے والے شخص کی لاش کو نیپال منتقل کر کے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے اور معاوضے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیپالی مشن کشیدگی سے متاثرہ نیپالی شہریوں سے رابطہ قائم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ کھڈکا نے بتایا کہ اب تک قونصلر ڈویژن کی آن لائن پر 63 ہزار 5 سو 70 افراد نے اپنی تفصیلات درج کرائی ہیں اور غیر محفوظ افراد سے مشن کے ذریعے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
