خانقاہ بلہری شریف میں تین روزہ عرس سراپا قدس 4 جون سے ـ
سبھی پروگرام نور المشائخ آل رسول حضرت سید چاند بابو کی سرپرستی میں ہوں گے
فیض آباد (اخلاق احمد نظامی)
نیپال اردو ٹائمز
خانقاہیں رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہیں۔ تاریخ کے ہر دور میں بالخصوص برصغیر میں ان روحانی مراکز نے نہ صرف انسانوں کے باطن کی اصلاح کی، بلکہ معاشرتی اور اخلاقی فلاح و بہبود میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔یہ خانقاہیں بلاشبہہ لوگوں کے دلوں سے دنیا کی ہوس، تکبر اور نفرت ختم کرکے تقویٰ، عاجزی اور انسانیت کا درس دیتی ہیں۔ یہ خانقاہیں روحانی تربیت کے ساتھ ساتھ علم کا گہوارہ بھی ہیں۔ یہاں درسِ حدیث، فقہ اور دیگر علوم کی ترویج کے ذریعے جہالت کے اندھیروں کو دور کیا گیا۔خانقاہوں کے دروازے بلا تفریق مذہب و نسل ہر خاص و عام کے لیے کھلے رہتے ہیں۔ لنگر کا نظام، مسافروں کی دیکھ بھال اور غریبوں کی امداد اس کی نمایاں ترین خصوصیات ہیں۔ برصغیر میں اسلام کی اشاعت اور ترویج میں خانقاہوں کا بنیادی اور ناقابلِ فراموش کردار رہا ہے۔ صوفیاء کے کردار اور اخلاقِ حسنہ سے متاثر ہو کر ہی لوگوں نے اسلام قبول کیا۔ اسی خانقاہوں میں اتر پردیش کے اودھ خطہ کی مشہور و معروف خانقاہ ، خانقاہ عالیہ مخدومیہ سبحانیہ فردوسیہ چشتیہ بلہری شریف فیض آباد اپنے علمی اور روحانی فیض کے لحاظ سے نمایاں حیثیت رکھتی ہے جس خانقاہ پر شہنشاہ ہندوستان اورنگزیب عالمگیر علیہ الرحمہ نے حاضری دی اور فیوض و برکات سے مالا مال ہونے ،اسی مقدس خانقاہ سے وابستہ بزرگان دین حضور قدوۃ السالکین زبدۃ العارفین تاجدار اولیائے اودھ مخدوم الکل آل رسول حضرت مخدوم سید قیام الدین شاہ بھیکا مکی رضی المولی، مخدوم شیخ الاسلام قطب الاقطاب آل رسول حضرت شہ ختن ثانی قدس اللہ سرہ، قطب زماں سند الاولیاء مظہر شاہ بھیکا مخدوم ملت آل رسول حضرت علامہ سید عبدالسبحان شاہ نور اللہ مرقدہ اور شہزادہ مخدوم ملت گل گلزار چشتیت پیر طریقت آل رسول حضرت علامہ صوفی سید عبدالجبار صاحب قبلہ مخدومی علیہ الرحمہ کا عرس سراپا قدس مورخہ4 - 5 اور 6 جون بروز جمعرات، جمعہ اور سنیچر کو حسب ذیل نظام الاوقات کے مطابق منعقد ہوگا
، مورخہ 4 جون بروز جمعرات کو بعد نماز عشاء نعت و منقبت خوانی اور تقاریر علمائے کرام،مورخہ 5 جون کو بعد نماز فجر قران خوانی غسل وچادر پوشی، 10 بجے قل شریف اور 12 بجے رسم گاگر شریف اور آخری دن مورخہ 6 جون کو بعد نماز فجر قران خوانی غسل و چادر پوشی، 9 بجے جلوس مبارک ، بعد نماز عصر قل شریف اور بعد نماز عشاء نعت و منقبت خوانی و علمائے کرام کے خطاب ہوں گے ـ
واضح ہو کہ یہ سبھی بابرکت پروگرام مخدوم بھیکا شاہ (ٹرسٹ) آستانہ عالیہ مخدومیہ بلہری شریف فیض آباد ضلع اجودھیا کے بانی بقیتہ السلف ،شبلئی وقت،نورالمشائخ پیر طریقت، رہبر راہ شریعت، غازی ملت خطیب ہندوستان،آل رسول حضرت علامہ الحاج سید عبدالرب عرف چاند بابو مدظلہ العالی سجادہ نشین خانقاہ مخدومیہ فردوسیہ چشتیہ بلہری شریف فیض آباد کی سرپرستی میں منعقد ہونگے
صاحب سجادہ نے تمام زائرین سے اپیل کی ہے کہ موسم کا لحاظ کرتے ہوئے بستر اپنے ہمراہ لائیں ،زائرین کے لیے دونوں وقت خورد ونوش کا انتظام رہے گا خانقاہ کے جملہ اخراجات میرے (صاحب سجادہ) ذمہ ہے لہذا آپ تمامی حضرات اپنی رقوم کو صاحب سجادہ کے نام پر ہی ارسال کریں
صاحبِ سجادہ نشین نے بتایا کہ یہ پروگرام حسب دستور سابق منعقد ہوگا جن کی بارگاہ میں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک کے مقتدر مشائخ عظام ،علمائے کرام اور شعرائے اسلام تشریف لا رہے ہیں لہذا آپ سبھی عوام و خواص نیز مریدین و متوسلین سے التماس ہے کہ بارگاہ مخدومی و سبحانی میں حاضر ہو کر فیوض و برکات حاصل کریں ـ
تمام عالم اسلام کو نیپال اردو ٹائمز ادارتی ٹیم کی جانب سے عرس سراپا قدس بہت بہت مبارک ہو www.nepalurdutimes.com
