کشن گنج میں مولانا توصیف رضا کی مشتبہ موت، آر جے ڈی نے 14 رکنی جانچ کمیٹی تشکیل دے دی
پریس ریلیز نیپال اردو ٹائمز
کشن گنج بہار
رضوان احمد مصباحی
بہار کے ضلع کشن گنج میں مولانا توصیف رضا کی مشتبہ موت کے معاملے نے سیاسی رنگ اختیار کر لیا ہے۔ تیجسوی یادو کی ہدایت پر مانگی لال منڈل نے 14 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے، جس کی سربراہی سابق مرکزی وزیر علی اشرف فاطمی کو سونپی گئی ہے۔ واضح رہے کہ 26 اپریل کو 04314 یوگ نگری رشی کیش-مظفرپور ایکسپریس ٹرین میں نامعلوم شرپسند عناصر نے مولانا توصیف رضا کو قتل کر دیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد یوپی حکومت اور ریلوے پولیس کی مبینہ لاپروائی پر سوالات اٹھ رہے ہیں، جس کے پیش نظر راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے اپنی سطح پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی میں سابق وزیر پروفیسر چندرشیکھر، اویناش منگلم، کوچادھامن کے سابق ایم ایل اے مجاہد عالم، رکن الدین (سابق ایم ایل اے)، حاجی عبدالصبحان (سابق وزیر)، محمد شہنواز عالم (سابق وزیر)، انجار نعیمی (سابق ایم ایل اے و ضلع صدر کشن گنج)، کندن یادو (سابق امیدوار، ودھان پریشد)، عشرت پروین (ضلع صدر کٹیہار)، اویناش آنند (ضلع صدر ارریہ)، سید مظہرالحسن (پرنسپل جنرل سکریٹری، کشن گنج)، دلیپ یادو (ضلع صدر پورنیہ) اور ڈاکٹر ایس این حسن عرف ہیرا (قومی جنرل سکریٹری، اقلیتی سیل) کو شامل کیا گیا ہے۔ آر جے ڈی کی یہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی جلد ہی کشن گنج کا دورہ کرے گی اور متاثرہ خاندان سے ملاقات کرے گی۔ کمیٹی کا مقصد متاثرہ خاندان کو انصاف دلانا، مناسب معاوضہ فراہم کرانا اور واقعہ میں ملوث افراد کی شناخت کرکے انہیں سخت سزا دلوانا ہے۔
