سنی رضا جامع مسجد مہنداول میں انعامی تقریب
مولانا آس محمد مصباحی نے کہا: علم کے ساتھ ادب سیکھیں، استاذ کے محنت کی قدر کریں
منہداول، سنت کبیر نگر(اخلاق احمد نظامی)
عصری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے نونہالوں کے لیے سنی رضا مسجد محلہ نئی بازار قصبہ منہداول میں دینی تعلیم کا بہترین نظم بڑی کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ یہاں تقریباً 200 سے زائد طلبہ و طالبات بطور ٹیوشن عربی، اردو، املا اور دینیات کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اسی سلسلہ میں ششماہی امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر منعقدہ پروقار تقریب میں مہمان خصوصی حضرت مولانا آس محمد مصباحی نے بچوں کو قیمتی نصیحت فرمائی۔ انہوں نے کہا کہ میرے عزیز بچو! علم نور ہے اور ادب اس کی زینت ہے۔ آپ عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم حاصل کر رہے ہیں یہ آپ کی خوش نصیبی ہے۔ ہمیشہ علم کے ساتھ ادب سیکھیں، اپنے والدین اور خصوصاً اپنے استاذ کا ادب کریں، کیونکہ استاذ کی بے ادبی علم کو برباد کر دیتی ہے اور استاذ کی قدر و خدمت علم میں برکت کا ذریعہ بنتی ہے۔
مولانا مصباحی نے مزید فرمایا کہ آج کا یہ انعام آپ کی منزل نہیں بلکہ آپ کے سفر علم کی ابتداء ہے۔ آپ لوگوں کو اب اور زیادہ محنت کرنی ہے۔ انہوں نے مکتب کے استاذ مولانا رحمت اللہ رضوی صاحب کی محنت کی دل کھول کر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دوپہر تک اپنے ادارہ دارالعلوم قطبیہ اہلسنت روشن العلوم لیڈوامہوا امرڈوبھا شہر پنچایت بکھرا بازار میں پڑھانے کے بعد ظہر سے مغرب تک ان بچوں کو پڑھانا کوئی معمولی قربانی نہیں، اللہ تعالی ان کی اس محنت کو قبول فرمائے اور اسے ان کے لیے ذخیرہ آخرت بنائے۔
تفصیلات کے مطابق سنی رضا مسجد میں یہ دینی مکتب گزشتہ کئی سالوں سے منظم انداز میں چل رہا ہے۔ اس میں محلہ کے وہ بچے جو صبح میں اسکول جاتے ہیں، ظہر بعد مسجد آکر دینی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ باقاعدہ نصاب، حاضری اور سالانہ امتحان اس مکتب کی خصوصیات ہیں۔
اس سال ہونے والے ششماہی امتحان میں جن ہونہار طلبہ و طالبات نے نمایاں کامیابی حاصل کی اور خصوصی طور پر قیمتی انعامات اور دینی کتب سے نوازا گیا، ان میں محمد سلمان ابن مولانا آس محمد مصباحی، محمد عمیر، محمد عمران، محمد فرحان، شہزاد علی، جنت النساء اور علما خاتون وغیرہ کے نام شامل ہیں۔ ان بچوں نے اپنی محنت، خوشخطی اور بہترین یادداشت سے سب کے دل جیت لیے۔
انعامی تقریب میں ان تمام ممتاز طلبہ کو اسٹیج پر بلا کر قیمتی دینی کتب، اور تعلیمی سامان دیا گیا تاکہ ان میں مزید محنت کا جذبہ پیدا ہو اور دیگر 200 طلبہ بھی ان سے ترغیب حاصل کریں۔ بچوں کے والدین نے بھی اس موقع پر مسرت کا اظہار کیا اور مولانا رحمت اللہ رضوی اور مسجد کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔
آخر میں مولانا آس محمد مصباحی صاحب کی دعا پر تقریب کا اختتام ہوا۔
