Sep 21, 2026 04:44 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
پاکستان اور نیپال کے درمیان موسمیاتی تبدیلی، زراعت اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے پر ات

پاکستان اور نیپال کے درمیان موسمیاتی تبدیلی، زراعت اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے پر ات

19 Sep 2026
1 min read

پاکستان اور نیپال کے درمیان موسمیاتی تبدیلی، زراعت اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق 

پاکستانی سفیر محمد عامر خان کی وزیر زراعت گیتا چودھری سے ملاقات

نیپال اردو ٹائمز 

  کاٹھمانڈو، نیپال: نیپال میں متعین پاکستان کے سفیر عزت مآب محمد عامر خان نے نیپال کی وزیر زراعت، جنگلات و ماحولیات گیتا چودھری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مؤثر اور عملی بنانے کے حوالے سے اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ نیپال کی وزارتِ زراعت، جنگلات و ماحولیات کے مطابق، ملاقات کے دوران موسمیاتی تبدیلی، پہاڑی علاقوں کے مسائل، قدرتی آفات سے نمٹنے، پیشگی انتباہی نظام، گلیشیئرز کی نگرانی، زراعت اور قدرتی آفات کے بعد تعمیرِ نو سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیر گیتا چودھری نے کہا کہ نیپال اور پاکستان دونوں پہاڑی ممالک ہیں، اس لیے موسمیاتی تبدیلی، گلیشیئرز اور قدرتی آفات سے پیدا ہونے والے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے معلومات، اعداد و شمار، ٹیکنالوجی اور تجربات کا تبادلہ انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیپال مستقبل میں زراعت سمیت دیگر ممکنہ شعبوں میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔

 پاکستانی سفیر محمد عامر خان نے کہا کہ حالیہ قدرتی آفات کے بعد پاکستانی حکومت نیپال کے ساتھ عملی اور ٹھوس تعاون کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے انتظام کے شعبوں میں تجربات، ٹیکنالوجی اور معلومات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔ سفیر نے کہا کہ پاکستان قدرتی آفات کے بعد تعمیرِ نو اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ٹیکنالوجی کے حوالے سے اپنے تجربات نیپال کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔

 ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر پہاڑی علاقوں اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مشترکہ مسائل کے حل کے لیے تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ سفیر محمد عامر خان نے بتایا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے نیپال میں حالیہ قدرتی آفت پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور پاکستان تعمیرِ نو اور آفات کے بعد امدادی سرگرمیوں میں تعاون کے لیے تیار ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور معاشی تعاون کے امکانات، بالخصوص نیپال سے پاکستان کو چائے کی برآمد کے حوالے سے بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ماخذ: نیپال کی وزارتِ زراعت، جنگلات و ماحولیات

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر (9701714929) (8795979383)